یونیورسٹی آف سرگودھا میں کنو کی پیداوار میں بہتری اور برآمدات میں اضافے کے حوالے سے اجلاس کا انعقاد

منگل 15 اپریل 2025 20:06

سرگودھا (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 اپریل2025ء) یونیورسٹی آف سرگودھا کے ملٹی پرپز ہال میں ایک اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا جس کا مقصد کنو کی پیداوار میں بہتری اور برآمدات میں اضافے کے لیے عملی اقدامات پرغور کرنا تھا۔ اجلاس کی صدارت وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی خصوصی ہدایت پر تشکیل دی گئی ٹاسک فورس کے سربراہ بیرسٹر محسن شاہ نواز رانجھاء نے کی۔

اجلاس میں زرعی و صنعتی شعبوں کے اہم عہدیداران شریک ہوئے جن میں سیکرٹری زراعت افتخار علی، سیکرٹری انڈسٹریز و پلاننگ عمر مسعود، ڈپٹی کمشنر سرگودھا کیپٹن (ر) محمد وسیم، یونیورسٹی کے قائم مقام وائس چانسلر و ڈین فیکلٹی آف سوشل سائنسز پروفیسر ڈاکٹر مسعود سرور اعوان، چیئرمین شعبہ ہارٹی کلچر پروفیسر ڈاکٹر راشد مختار بلال، چیئرمین ایگرانومی پروفیسر ڈاکٹر اطہر ندیم،ڈائریکٹر امپلی مینٹیشن ڈاکٹر ریحانہ الیاس،چیئرمین پلانٹس بریڈنگ اینڈ جینٹکس پروفیسر ڈاکٹر اعجاز رسول نورکا، صدر چیمبر آف کامرس، ڈی جی ایکسٹینشن ایگریکلچر، مقامی زمیندار، کاشتکار اور محکمہ زراعت کے افسران شامل تھے۔

(جاری ہے)

بیرسٹر محسن شاہ نواز رانجھاء نے خطاب میں کہا کہ سٹرس خصوصاً کنو سرگودھا کی شناخت اور معیشت کا بنیادی ستون ہے۔ تاہم حالیہ برسوں میں موسمیاتی تبدیلیوں، بیماریوں اور دیگر چیلنجز کے باعث اس کی پیداوار متاثر ہوئی ہے۔ وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر بنائی گئی ٹاسک فورس اس ضمن میں مربوط حکمت عملی اپنائے گی تاکہ پیداوار میں اضافہ اور عالمی منڈیوں تک رسائی ممکن ہو سکے۔

انہوں نے کہا کہ سرگودھا کے زمیندار ہمارا سرمایہ ہیں اور ان کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے گا۔ انہوں نے یونیورسٹی آف سرگودھا اور بالخصوص کالج آف ایگری کلچر کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے چیئرمین ہارٹی کلچر ڈاکٹر راشد مختار بلال کو ہدایت دی کہ تمام اسٹیک ہولڈرز کو ساتھ لے کر ایک جامع منصوبہ(پی سی ون) تیار کیا جائے تاکہ اس پر جلد عمل درآمد ہو سکے۔

پروفیسر ڈاکٹر مسعود سرور اعوان نے بتایا کہ یونیورسٹی نے نہ صرف جدید نرسری قائم کی ہے بلکہ کنو کی بہتر اقسام پر تحقیق اور عملی اقدامات کے ذریعے مقامی کسانوں کو جدید سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کنو کی پیداوار میں 100 فیصد اضافہ ممکن بنانے کے لیے ایک ٹھوس حکمت عملی ترتیب دی جا رہی ہے۔ڈپٹی کمشنر سرگودھا کیپٹن (ر) محمد وسیم نے یونیورسٹی کے زرعی شعبے پر خصوصی توجہ کو سراہتے ہوئے کہا کہ وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر قیصر عباس کی قیادت میں ادارہ زراعت کے فروغ میں کلیدی کردار ادا کر رہا ہے۔

اجلاس میں ڈاکٹر راشد مختار بلال نے بتایا کہ یونیورسٹی نے کنو کی پیداوار کے لیے غیر معمولی اقدامات کیے ہیں اور وائس چانسلر کی رہنمائی میں سٹرس پراسیسنگ یونٹ کے قیام کی تیاری مکمل کی جا رہی ہے، جس سے پیداوار اور برآمدات دونوں میں نمایاں بہتری متوقع ہے۔اجلاس کے اختتام پر پروفیسر ڈاکٹر مسعود سرور اعوان نے بیرسٹر محسن شاہ نواز رانجھا کو یونیورسٹی کی جانب سے یادگاری سووینیئر بھی پیش کیا۔