حکومت اور پیپلز پارٹی کے وفود کی اہم ملاقات، حکومتی نمائندے اعتراضات پر مناسب جواب نہ دے سکے

حکومتی ارکان منصوبہ بندی اور فنانس سے متعلق تیاری کے بغیر اجلاس میں شریک ہوئے، پیپلز پارٹی ذرائع

منگل 15 اپریل 2025 21:40

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 اپریل2025ء)اسلام آباد میں سپیکر ہائوس میں حکومت اور پیپلز پارٹی کے وفود کے درمیان اہم ملاقات ہوئی جس میں آئندہ مالی سال کے بجٹ اور سندھ کے ترقیاتی منصوبوں کیلئے فنڈز کے اجرا پر بات چیت کی گئی۔ذرائع کے مطابق حکومت کی جانب سے اجلاس میں وزیر خزانہ محمد اورنگزیب، اعظم نزیر تارڑ، احسن اقبال اور احد چیمہ شریک ہوئے جبکہ پیپلزپارٹی کی نمائندگی شیری رحمان، نوید قمر، حنا ربانی کھر اور سلیم مانڈوی والا نے کی۔

(جاری ہے)

اجلاس میں پبلک سیکٹر ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت سندھ کے منصوبوں پر خصوصی غور کیا گیا، تاہم ذرائع کے مطابق حکومت نے پیپلز پارٹی کے تحفظات کا کوئی مناسب جواب نہیں دیا۔پیپلزپارٹی ذرائع کے مطابق حکومتی ارکان منصوبہ بندی اور فنانس سے متعلق تیاری کے بغیر اجلاس میں شریک ہوئے۔ پیپلز پارٹی سے کہا گیا کہ وہ اپنے تحفظات اور تجاویز پیش کرے تاکہ ان کی روشنی میں آئندہ منصوبہ بندی اور عملدرآمد کیا جا سکے۔ذرائع کے مطابق حکومت اور پیپلزپارٹی کے درمیان اس معاملے پر اگلے مذاکرات مئی کے پہلے ہفتے میں متوقع ہیں۔