پیٹرول ڈیزل کی قیمتوں کو برقرار رکھ کر رقم کو بلوچستان کی خونی سڑک کی بحالی پر خرچ کریں گے

عالمی میں منڈیوں میں تیل کی قیمتیں نیچےآئی ہیں، ہم نے سوچا کہ تیل کی قیمتوں میں کمی کو روک لیں گے، اس بچت کو بلوچستان کے عوام کی نذرکررہے ہیں، یہ رقم شاہراہ این 25 پر خرچ کریں گے، وزیراعظم شہبازشریف کا خطاب

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ منگل 15 اپریل 2025 22:19

پیٹرول ڈیزل کی قیمتوں کو برقرار رکھ کر رقم کو بلوچستان کی خونی سڑک کی ..
اسلام آباد ( اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ آئی پی اے ۔ 15 اپریل 2025ء ) وزیراعظم شہبازشریف نے کہا ہے کہ پیٹرول ڈیزل کی قیمتوں کو برقرار رکھ کر رقم کو بلوچستان کی خونی سڑک کی بحالی پر خرچ کریں گے،عالمی میں منڈیوں میں تیل کی قیمتیں نیچے آئی ہیں،ہم نے سوچا کہ تیل کی قیمتوں میں کمی کو روک لیں گے، اس بچت کو بلوچستان کے عوام کی نذرکررہے ہیں، یہ رقم شاہراہ این 25 پر خرچ کریں گے۔

انہوں نے وفاقی کابینہ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں بجلی کی قیمتوں میں ساڑھے 7روپے فی یونٹ کمی جاچکی ہے، یہ کمی ملک کے تمام گھریلو اور صنعتی ، زرعی صارفین کیلئے ہے۔ اس میں تمام وزرا، سیکرٹریز و حکام کی کوششوں سے بجلی کی قیمتوں میں کمی کی گئی ہے، بجلی کی قیمت میں کمی کرنا بڑا چیلنج تھا۔

(جاری ہے)

بجلی کی قیمتوں میں کمی سے ہماری معیشت کو بہت فائدہ ہوگا۔

 وزیراعظم نے کہا کہ عوام کو ریلیف دینے کا ایک اور موقع آیا ہے، عالمی میں منڈیوں میں تیل کی قیمتیں نیچے آئی ہیں،اب تیل کی حالیہ قیمتیں جو گری ہیں، خبر آتی تھی کہ یوکرین میں جنگ بند ہونے والی ہے، تو قیمتیں گرتی تھیں، اب جو ٹیرف لگے ہیں اس کے نتیجے میں بھی قیمتوں کا اتار چڑھاؤ جاری ہے، آج 15اپریل ہے اور انشاء اللہ ڈیزل اور پیٹرول کی قیمتیں کم ہونے جارہی ہیں، آج تیل کی قیمتوں میں کمی کا اعلان ہوجائے گا۔

میں آپ کو بتانا چاہتا ہوں کہ ہم نے سوچا کہ ہم تیل کی قیمتوں میں کمی کو روک لیں گے اور موجودہ قیمتیں برقرار رکھیں گے۔
ہم نے بڑی سوچ بچار کے بعد طے کیا ہے کہ کراچی، قلات، خضدار ، کوئٹہ اور چمن سڑک کو خونی سڑک کہتے ہیں، یہ سنگل سڑک ہے، لیکن فنڈز کے بغیر یہ مکمل نہیں ہوگی ، کے پی سے سکھر تک بہترین موٹروے بن چکی ہے، سکھر سے حیدرآباد اور کراچی موٹروے وفاق حکومت بنائے گی۔بلوچستان کی اس خونی سڑک نے 2ہزار لوگ نگل لئے ہیں، اس خونی سڑک کو ہائی وے بنانے کا تخمینہ 300ارب ہوچکا ہے، یہ سڑک دوسال میں مکمل ہوجائے گی، ہم اس تیل کی قیمت کی اس بچت کو بلوچستان کے عوام کو دے رہے ہیں۔ یہ رقم بلوچستان میں شاہراہ این 25 پر خرچ کریں گے، اس سڑک کا معیار موٹروے کا ہوگا۔