لاہور سے اغواء امریکی شہریت کی حامل لڑکی جھنگ سے بازیاب، ملزم گرفتار

گرفتار ملزم حسن 14سالہ لڑکی فاطمہ زہرہ کو ورغلا پھسلا کر اپنے ساتھ لے گیا تھا، پولیس

بدھ 16 اپریل 2025 15:05

لاہور سے اغواء امریکی شہریت کی حامل لڑکی جھنگ سے بازیاب، ملزم گرفتار
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 اپریل2025ء) سندر سے اغواء ہونے والی امریکن نیشنل لڑکی کو ضلع جھنگ سے بحفاظت بازیاب کروا کر ملزم کو گرفتار کرلیا۔وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے نوٹس پر اغواء ہونے والی لڑکی کو بحفاظت بازیاب کروا لیا گیا۔ڈی آئی جی انویسٹی گیشن سید ذیشان رضا نے پولیس ٹیم کو لڑکی کی بحفاظت بازیابی کا ٹاسک دیا تھا، ضلع جھنگ سے بازیاب ہونے والی 14سالہ مغویہ لڑکی فاطمہ زہرہ کو والدین کے سپرد کر دیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

انچارج ایس ایس او آئی یو کے مطابق گرفتار ملزم حسن معصوم لڑکی فاطمہ زہرہ کو ورغلا پھسلا کر اپنے ساتھ لے گیا تھا، سندر پولیس ٹیم نے لڑکی کو ضلع جھنگ سے بازیاب کروا کر ملزم حسن کو گرفتار کیا۔لڑکی کی والدہ نے تھانہ سندر میں اپنی بیٹی کے اغوا کا مقدمہ درج کروایا تھا۔ڈی آئی جی انویسٹی گیشن سید ذیشان رضا کا کہنا تھا کہ مضبوط چالان مرتب کر کے ملزم کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا، شہریوں کے جان و مال کی حفاظت ہماری اولین ترجیح ہے۔ایس ایس پی انویسٹی گیشن محمد نوید کی طرف سے لڑکی کی بحفاظت بازیابی پر پولیس ٹیم کے لیے تعریفی اسناد کا اعلان کیا گیا۔