Live Updates

غزہ کو فلسطینیوں اور ان کی مدد کو آنے والوں کی اجتماعی قبر میں تبدیل کر دیا گیا ہے ، ڈاکٹرز ودآؤٹ بارڈرز

بدھ 16 اپریل 2025 15:19

جنیوا (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 اپریل2025ء) بین الاقوامی طبی امدادی ایجنسی ڈاکٹرز ودآؤٹ بارڈرز (ایم ایس ایف) نے کہا ہے کہ اسرائیل کی فوجی کارروائیوں اور انسانی امداد کی روک تھام نے غزہ کو فلسطینیوں اور ان کی مدد کرنے والوں کے اجتماعی قبرستان میں تبدیل کر دیا ہے۔ فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق ایم ایس ایف کے کوآرڈینیٹر اماندے بازرولے نے کہا ہے کہ غزہ کو فلسطینیوں اور ان کی مدد کے لئے آنے والوں کی اجتماعی قبر میں تبدیل کر دیا گیا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہم حقیقی وقت میں غزہ کی پوری آبادی کی تباہی اور جبری بے گھر ہونے کا مشاہدہ کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ فلسطینیوں یا ان کی مدد کرنے کی کوشش کرنے والے کہیں بھی محفوظ نہیں ہیں اور جو لوگ زندہ بچ گئے ہیں انہیں انسانی ہمدردی کی کارروائیوں کے عدم تحفظ اور رسد کی شدید قلت کے باعث دیکھ بھال کی سہولتوں تک رسائی میں شدید مشکلات کا سامنا ہے۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ اسرائیل نے جنگ بندی کے خاتمے کے بعد مارچ میں فلسطینی سرزمین پر دوبارہ کارروائی شروع کی تھی جس کے باعث لاکھوں افراد بے گھر ہو چکے ہیں، اسرائیل نے 2 مارچ سے انسانی امداد کو روک رکھا ہے۔ اقوام متحدہ کا کہنا ہے کہ طبی سامان، ایندھن، پانی اور دیگر ضروری اشیاء کی کمی ہے۔ گزشتہ ماہ اسرائیلی فوج نے غزہ میں ایمبولینسز پر فائرنگ کی تھی، جس کے نتیجے میں 15 طبی عملے اور امدادی کارکن شہید ہوگئے تھے، جس کی بین الاقوامی سطح پر شدید مذمت کی گئی۔
Live ایران اسرائیل کشیدگی سے متعلق تازہ ترین معلومات