ایل ڈبلیو ایم سی کی غفلت،فیکٹری ایریا اجتماع گاہ روڈ پر کوڑا کرکٹ کے ڈھیر وں سے تعفن اٹھنے لگا

وزیراعلیٰ پنجاب کے صاف ستھرا پنجاب ویژن کی دھجیاں اڑا دی گئیں،صنعتی ملازمین کا احتجاج، نوٹس لینے کا مطالبہ

بدھ 16 اپریل 2025 17:31

رائے ونڈ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 اپریل2025ء)لاہور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کی غفلت،فیکٹری ایریا اجتماع گاہ روڈ پر کوڑا کرکٹ کے ڈھیر وں سے تعفن اٹھنے لگا،وزیراعلیٰ پنجاب کے صاف ستھرا پنجاب ویژن کی دھجیاں اڑا دی گئیں،صنعتی ملازمین نے احتجاج کرتے ہوئے حکام سے نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق رائے ونڈ کے انتہائی اہمیت کے حامل فیکٹری ایریا اجتماع گاہ روڈ پر لاہور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کی مجرمانہ غفلت کے باعث کوڑا کرکٹ کے ڈھیرلگ گئے ہیں،سند ر انڈسڑیل اسٹیٹ گیٹ نمبر 3اور اجتماع گاہ روڈ پر کوڑا کرکٹ کے ڈھیروں سے تعفن اٹھنے سے صنعتی ملازمین کی صحت دا پر لگ گئی ہے قرب وجوار کی فیکٹری انتظامیہ کی جانب لاہور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی اور ضلعی انتظامیہ لاہور کو بارہا مرتبہ درخواستیں دینے کے باجود لاہور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی افسران اس اہم ترین مسئلہ پر توجہ دینے کو تیار نہیں جس سے سر عام شاہراہوں پر گندگی اور غلا ظت کے ڈھیروں سے جہاں شہر کا حسن مانند پڑرہا ہے وہاں شدید گرمی کے موسم میں وبائی امراض پھوٹنے کا اندیشہ موجود ہے صنعتی مالکان کی نمائندہ تنظیم انڈسٹریل مینجمنٹ ایسوسی ایشن (آئی ایم ای)نے اجتماع گاہ روڈ پر کوڑا کرکٹ کے ڈمپنگ پوائنٹ کے خاتمے اور شاہراں کی صفائی ستھرائی کے نظام کو بہتر بنانے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ لاہور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی عملہ شہریوں اور راہگیروں کیلئے مشکلات پیدا کررہا ہے جس سے وزیراعلیٰ پنجاب کے صاف ستھرا پنجاب ویژن کی دھجیاں اڑا جارہی ہیں اسکا فوری نوٹس لیا جائے۔