نئی نہریں:ن لیگ اور پی پی کے اختلافات شدت اختیار کرگئے،سپیکر قومی اسمبلی متحرک

بدھ 16 اپریل 2025 18:52

نئی نہریں:ن لیگ اور پی پی کے اختلافات شدت اختیار کرگئے،سپیکر قومی اسمبلی ..
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 16 اپریل2025ء)نہروں کے معاملے پر پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ ن کے اختلافات شدت اختیار کر گئے ہیں جس پر سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق دونوں جماعتوں میں مفاہمت کے لیے متحرک ہوگئے ہیں اور ثالثی کی پیش کش کردی ہے معاملات حل نہ کرنے پر پیپلز پارٹی نے وفاقی بجٹ کو پاس کروانے میں تعاون نہ کرنیکی دھمکی دے دی ہے ۔

ذرائع کے مطابق دریائے سندھ سے نہریں نکالنے کے معاملے پر قومی اسمبلی سے قرارداد منظور نہ کروانے اور ن لیگ کی جانب سے عدم تعاون پر پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ ن کے درمیان اختلافات شدت اختیار کر گئے اور مسلم لیگ ن کی جانب سے مسلسل عدم تعاون پر پیپلز پارٹی کی قیادت نے شدید برہمی کا اظہار کیا جس پر پیپلز پارٹی نے بجٹ پاس کروانے میں تعاون نہ کرنے کی دھمکی دے دی ہے جس سے مسلم لیگ ن اور اتحاد میں شامل دیگر جماعتوں میں کھلبلی مچ گئی ہے اس کے بعد سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق پیپلز پارٹی اور ن لیگ میں کشیدگی ختم کرنے کیلیے اپنی کوششیں تیز کردی ہیں تاہم پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ ن کے درمیان مذاکرات کے پہلے دور میں بھی کوئی واضح پیش رفت نہیں ہوئی ہے۔

(جاری ہے)

حکومتی ذرائع کا کہنا ہے کہ حکومت اس معاملے پر تمام اسٹیک ہولڈرز کی مشاورت سے فیصلہ کرے گی، تاہم فی الحال نہروں کے معاملے پر ابھی کوئی پیش رفت نہیں ہوئی ہے۔دوسری جانب پیپلز پارٹی نے آئندہ مالی سال کا ترقیاتی پروگرام بھی اپنی مشاورت اور تجاویز سے مشروط کردیا اور کہا ہے کہ اس سلسلے میں مشاورت نہ کرنے اور بجٹ میں سندھ کے منصوبے شامل نہ کرنے پر بجٹ کے پاس کروانے میں تعاون نہیں ہوگا۔ اس کے علاؤہ پیپلز پارٹی نے نہروں کی تعمیر کا منصوبہ ہی ختم کرنے کا مطالبہ کر رکھا ہے۔سپیکر نے قرارداد کے معاملے پر کشیدگی سے بچنے کیلئے۔قومی اسمبلی کا اجلاس شیڈول سے پہلے ملتوی کردیا جبکہ شیڈول کے مطابق اجلاس اٹھارہ اپریل کو ملتوی ہونا تھا۔۔۔۔