بلوچستان فوڈ اتھارٹی کی کارروائیاں ، 20 سے زائد خوراک کے مراکز کے خلاف ایکش

بدھ 16 اپریل 2025 21:32

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 اپریل2025ء) بلوچستان فوڈ اتھارٹی کی جانب سے ملاوٹی دودھ اور ناقص خوراک کی فراہمی کے خلاف کارروائیوں کا سلسلہ تسلسل سے جاری ہیں۔ اس سلسلے میں کوئٹہ کے مختلف علاقوں تربت اور ضلع ژوب میں کارروائیوں کے دوران 20 سے زائد مراکز بشمول 5 ملک شاپس مالکان پر جرمانے عائد کیے گئے۔ترجمان بلوچستان فوڈ اتھارٹی کے مطابق عوامی شکایات پر فوری ایکشن لیتے ہوئے سریاب روڈ، مشرقی بائی پاس اور سیٹلائٹ ٹاؤن میں مراکز کا خصوصی معائنہ کیا گیا جہاں 1 پیزا پوائنٹ کے خلاف خام و تیار خوردنی اشیاء کی ناقص اسٹوریج، استعمال شدہ کوکنگ آئل میں خوراک کی تیاری سمیت متعدد وجوہات پر کارروائی کی گئی۔

اسی طرح ایک بیکنگ یونٹ مالک کو صفائی کے ناقص انتظامات، پیکنگ میں اخبار کے استعمال، آلودہ بیکنگ ٹریز اور کارکنان کی غیر تسلی بخش ذاتی صفائی پر جرمانہ عائد کیا گیا۔

(جاری ہے)

ایک بیسن یونٹ سےگزشتہ ہدایات کے باوجود بغیر رجسٹریشن اور بغیر لیبلنگ اشیاء کی تیاری پر کارروائی کرتے ہوئے بڑی مقدار میں غیر معیاری اشیاء ضبط کی گئیں۔عوام کو ملاوٹ سے پاک دودھ کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے اتھارٹی کی موبائل ملک سیفٹی ٹیموں نے فقیر محمد روڈ اور خیزی چوک پر قائم مختلف ملک شاپس کا معائنہ کیا۔

موقع پر دودھ و دہی کے نمونے ٹیسٹ کیے گئے جن میں پانی اور خشک پاؤڈر کی ملاوٹ پائے جانے پر 4 دکانداروں کو جرمانہ کیا گیا۔مسجد روڈ اور ہزارہ ٹاؤن میں 3 مصالحہ شاپ سے زائد المعیاد مصالحہ جات کی بڑی مقدار برآمد کر کے ضبط کی گئی۔علاوہ ازیں تربت اور ژوب میں بھی زونل انسپیکشن ٹیموں نے متفرق کھانے پینے کے مراکز کا معائنہ کیا، جہاں قوانین کی خلاف ورزی پر 5 بیکرز جبکہ 1 دودھ فروش کو دودھ میں ملاوٹ پر ایک نان فروش کو کم وزن نان کی فروخت اور ایک ہول سیل ٹریڈر کو لائسنس کے بغیر کاروبار کرنے پر جرمانہ کیا گیا۔