~ کویت نے پاکستان کو تیل کریڈٹ کی سہولت میں 2 سال کی توسیع کر دی

بدھ 16 اپریل 2025 19:40

4ٓاسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 16 اپریل2025ء)وفاقی وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک نے کہا ہے کہ کویت نے پاکستان کو تیل کریڈٹ کی سہولت میں 2 سال کی توسیع کر دی۔وفاقی وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک سے اسلام آباد میں کویتی سفیر نے ملاقات کی۔ ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان توانائی کے شعبے میں دوطرفہ تعاون کو مضبوط بنانے پر اتفاق کیا گیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر علی پرویز ملک نے کہا کہ وزیر اعظم شہباز شریف نے کویت اور دیگر برادر ممالک کی سپورٹ کی بدولت مشکل معاشی اصلاحات میں کامیابی حاصل کی ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کے لیے خصوصی رعایت پر کویت کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔ جبکہ شہباز شریف کویت کے عوام، امیر کویت اور ولی عہد کے لیے بے پناہ محبت اور احترام رکھتے ہیں۔علی پرویز ملک نے کہا کہ پاکستان کویت سے سالانہ 2 ملین ٹن تیل درآمد کرتا ہے۔ پاکستان کو ماضی میں تیل کریڈٹ کی سہولت ایک سال کے لیے دی جاتی تھی۔ لیکن اس مرتبہ کویت نے 2 سال کے لیے پاکستان کو ادھار تیل کی سہولت دی ہے۔کویتی سفیر نے کہا کہ وزیر اعظم شہباز شریف کی قیادت میں پاکستان نے معاشی ترقی حاصل کی۔