ڈائریکٹر جنرل (ریسرچ) لائیوسٹاک اینڈ ڈیری ڈویلپمنٹ پنجاب ڈاکٹر سجاد حسین کا اچانک دورہ

بدھ 16 اپریل 2025 21:15

{ فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 16 اپریل2025ء)ڈائریکٹر جنرل (ریسرچ) لائیوسٹاک اینڈ ڈیری ڈویلپمنٹ پنجاب ڈاکٹر سجاد حسین نے فیصل آباد ڈویژن کا اچانک دورہ کیا۔انہوں نے زرعی یونیورسٹی فیصل آباد کی فیکلٹی آف ویٹرنری سائنسز میں منعقدہ ورکشاپ میں شرکت کی جس کا موضوع تھا ''پاکستان میں پولٹری سیکٹر میں اینٹی مائیکروبیئل ریزسٹنس کو کم کرنے کے لئے شواہد پر مبنی مداخلتوں کی نشاندہی''اس دوران انہوں نے محکمہ لائیوسٹاک کی اس ضمن میں کارکردگی پر بریفنگ لی۔

ڈائریکٹر لائیوسٹاک ڈاکٹر سید ندیم بدر،ایڈیشنل وڈپٹی ڈائریکٹر لائیوسٹاک سمیت ڈویژن کے دیگر افسران نے بھی ورکشاپ میں شرکت کی۔ ڈائریکٹر جنرل ریسرچ لائیوسٹاک نے ڈائریکٹر لائیوسٹاک کے ہمراہ تحصیل و ضلع فیصل آباد میں واقع سول ویٹرنری ہسپتال کا دورہ کیا اور ادارے کے مختلف شعبہ جات بشمول سی وی ایچ فیصل آباد، پیٹ کیئر سنٹر اور ڈویژنل ڈیزیز ڈائیگناسٹک لیبارٹری کا معائنہ کیا۔

(جاری ہے)

ڈائریکٹر نے ڈی جی کو فیصل آباد ڈویژن کی لائیوسٹاک ٹیم کی جانب سے فراہم کی جانے والی ویٹرنری سروسز سے متعلق بریفنگ دی۔ڈائریکٹر جنرل ریسرچ نے سول ویٹرنری ہسپتال میں آئے مختلف کسانوں سے بھی ملاقات کی اور ان کی آراء ریکارڈ کیں جو کہ تسلی بخش اور مثبت پائی گئیں۔ مزید برآں ڈائریکٹر جنرل ریسرچ نے ڈویژنل ڈیزیز ڈائیگناسٹک لیبارٹری کے مختلف شعبہ جات کا بھی معائنہ کیا ۔

اس موقع پر DICO ڈاکٹر روبینہ انجم نے لیبارٹری کی کارکردگی سے متعلق بریفنگ دی۔ڈی جی نے لائیوسٹاک ٹیم کی کارکردگی کو سراہا اور فیلڈ سٹاف کو ہدایت کی کہ وہ لائیوسٹاک سیکٹر کی بہتری کے لئے پوری لگن اور محنت سے کام کریں کیونکہ حکومت پنجاب مویشی پالنے والے کسانوں کو مؤثر ویٹرنری سہولیات فراہم کرنے کے لئے پرعزم ہے۔