حسن ابدال،گوردوارہ پنجہ صاحب میں سکھ یاتریوں کی تین روزہ تقریبات بیساکھی میلہ اختتام پذیر ہو گیا

جمعرات 17 اپریل 2025 15:14

حسن ابدال (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 اپریل2025ء) گوردوارہ پنجہ صاحب حسن ابدال میں سکھ یاتریوں کی تین روزہ تقریبات بیساکھی میلہ اختتام پذیرہو گیا ، بھارت سے آئے ہوئے 2970سکھ یاتریوں کو بیساکھی میلہ میں شرکت کے بعد سخت سیکورٹی میں 65بسوں میں ننکانہ کے لئے روانہ کر دیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق بھارت سے 65بسوں میں سکھ یاتریوں کوننکانہ سے 15اپریل کی رات گوردوارہ پنجہ صاحب حسن ابدال پہنچایا گیا۔

سکھ یاتریوں کی آمد کے وقت گوردوارہ پنجہ صاحب حسن ابدال کو آنے والے تمام راستے سیل کر دئیے گئے 16،اپریل کو سکھ یاتری بابا ولی قندہاری پر سخت سیکورٹی میں لیجایا گیا جہاں وہ عبادت میں مصروف رہے ولی قندہاری سے واپسی پر سکھ یاتری نے آرام کیا اور شام کو پھر اپنی عبادت میں مصروف ہوگئے۔

(جاری ہے)

17اپریل کو صبح سکھ یاتریوں کی کثیر تعداد اپنی عبادت میں مصروف ہوگئی اور ملی گیت پیش کئے اور اجتماعی دعا کے بعد انکی روانگی کا مرحلہ شروع ہوگیا، سکھ یاتریوں کی روانگی کے وقت ڈی پی او اٹک ڈاکٹر سردار غیاث گل خان نے خود نگرانی کی جبکہ سیکورٹی پر مامور ڈی ایس پی ھیڈکوارٹر اٹک سرداراظہر شبیر نے اپنی نگرانی میں تمام سکھ یاتریوں کو گوردوارہ پنجہ صاحب حسن ابدال سے بسوں کے ذریعے ننکانہ کے لئے روانہ کیا ،اس موقع سیکورٹی ہائی الرٹ رہی ڈی ایس پی ٹریفک اٹک چوہدری طاہر عباس بھی اپنے عملہ کے ہمراہ موجود تھے۔

دیگر افسران اے سی حسن ابدال محمد عارف قریشی،سیکورٹی اداروں کے افسران بھی اور بلدیہ کے عملہ کے علاوہ محکمہ اوقاف عملہ بھی اپنے فرائض منصبی ادا کرتے رہے۔ سکھ یاتریوں نے اے پی پی سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کھانے پینے اور رہائش کے بہترین انتظامات کے علاوہ فول پروف سیکورٹی فراہم کرنے پر وزیر اعظم پاکستان شہباز شریف،وزیر اعلی پنجاب مریم نوازشریف کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ہماری خواہش ہے کہ دونوں پنجاب ایک ہو جائیں تاکہ ہم آسانی کے ساتھ یہاں آکر اپنی عبادت کر سکیں پاکستان حکومت جس فراغ دلی سے ہمیں اس دفعہ ویزے جاری کئے ہیں کی ماضی میں نظیر نہیں ملتی جس پر ہم حکومت پاکستان کے احسان مند ہیں انھوں نے کہا کہ ہمیں بسوں کے ذریعے لاہور سے حسن ابدال لایا جاتا ہے، اگر ریلوے ٹرین کے ذریعے ہمیں حسن ابدال لایا جائے تو ہمارا سفر نہایت آسان ہو جائے گا اور ہم سکون کے ساتھ اپنی عبادت کر سکیں گے۔

سکھ یاتریوں نے کہا کہ بہترین سیکورٹی فراہم کرنے پر ہم حکومت کے مشکور ہیں بہت ہی اعلی سیکورٹی ہمیں فراہم کی گئی ہمیں بہت ڈرایا جاتا تھا کہ پاکستان نہ جائیں لیکن یہاں آکر ایسا محسوس ہوا ہے کہ اپنے دیس میں گھوم رہے ہیں یہاں کے عوام نے بہت پیار دیا اپنے بہنوں اور بھائیوں کی طرح ہمیں خوش آمدید کہا ہے جس پر ہم پاکستان عوام کے شکرگزار ہیں ۔

سکھ یاتریوں نے کہا کہ پاکستان کے ہمارے بھائیوں کو بھی ویزے دئیے جائیں تاکہ وہ بھارت آکر اپنی مقدس مقامات کی زیارت کر سکیں اور ہمیں بھی انکی مہمان نوازی کا موقع مل سکے ،سکھ یاتریوں نے کہا کہ ہمارے آباوو اجداد پاکستان سے گئے ہیں ہمیں پاکستان حکومت اجازت دے تاکہ ہم ان مقامات کی سیر کر کے وہ جگہ دیکھ سکیں جہاں ہمارے بڑوں نے وقت گزارہ ہے۔\378