پاک فوج کے افسروں ،جوانوں کی بہادری اور خدمات کے اعتراف میں مختلف شہروں میں پروقار تقریبات منعقد ہوئیں، آئی ایس پی آر

لاہور،کراچی اور پشاور میں ہونے والی تقریبات میں شہدا کی قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کرنے کے ساتھ ساتھ شاندار خدمات کے اعتراف میں فوجی اعزازات سے نوازا گیا

Faisal Alvi فیصل علوی جمعرات 17 اپریل 2025 15:22

پاک فوج کے افسروں ،جوانوں کی بہادری اور خدمات کے اعتراف میں مختلف شہروں ..
راولپنڈی(اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔17اپریل 2025)پاک فوج کے افسروں ،جوانوں کی بہادری اور خدمات کے اعتراف میں مختلف شہروں میں پروقار تقریبات منعقد ہوئیں، تقریبات میں شہدا کی قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کیا گیا اور قومی سلامتی اور دفاع کیلئے پاک فوج کے غیر متزلزل عزم کا اعادہ کیا گیا، پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر)کے مطابق پاک فوج کے افسروں اور جوانوں کو ان کی بہادری، قربانی اور شاندار خدمات کے اعتراف میں فوجی اعزازات سے نوازنے کی پروقار تقریبات کا انعقاد لاہور،کراچی اور پشاور میں کیا گیا جن میں پاک فوج کے اعلیٰ افسران، شہدا کے اہل خانہ اور اعزاز یافتگان کے رشتہ داروں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ لاہور میں کور کمانڈر لیفٹیننٹ جنرل فیاض حسین شاہ، ہلال امتیاز (ملٹری) نے تین جونیئر کمیشنڈ آفیسرز اور 24 سپاہیوں کو مادر وطن کیلئے ان کی عظیم قربانیوں پر تمغہ بسالت سے نوازاجبکہ 28 افسران کو ستارہ امتیاز (ملٹری) اور 72 افسران کو تمغہ امتیاز (ملٹری) دیا گیا۔

(جاری ہے)

شہدا کے اعزازات بعد از مرگ ان کے قریبی رشتہ داروں کو پیش کئے گئے۔

اسی طرح کراچی میں کور کمانڈر لیفٹیننٹ جنرل محمد اویس دستگیر کی صدارت میں ہونے والی تقریب میں 10 افسران کو ستارہ امتیاز (ملٹری)، 4 افسران کو تمغہ امتیاز (ملٹری) اور 16 سپاہیوں کو تمغہ بسالت سے نوازا گیا ۔آئی ایس پی آرکے مطابق پشاور میں ہونے والی تقریب میں کور کمانڈر پشاور لیفٹیننٹ جنرل عمر احمد بخاری نے دو شہید جونیئر کمیشنڈ آفیسرز اور 47 سپاہیوں کے اہل خانہ کو تمغہ بسالت سے نوازاجبکہ 4 افسران کو ستارہ امتیاز (ملٹری) اور 11 افسران کو تمغہ امتیاز (ملٹری) عطا کیا گیا۔

آئی ایس پی آر کا مزید کہنا تھا کہ ان تمام تقریبات میںپاک فوج کے شہدا کی قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کیا گیا اور قومی سلامتی اور دفاع کیلئے پاک فوج کے غیر متزلزل عزم کا اعادہ کیا گیا۔ افسران اور جوانوں کی شجاعت، جذبہ قربانی اور خدمت کو سراہتے ہوئے شرکاءنے کہا کہ یہ ایوارڈز ہماری قوم کے ہیروز کی قربانیوں کا اعتراف ہیں۔