حلقہ این اے 55 کے لیے 25 کروڑ کی خصوصی گرانٹ، وزیراعظم کا شکریہ، راولپنڈی و چکلالہ کینٹ میں پانی، سڑکوں، سیوریج اور سٹریٹ لائٹس کے منصوبے مکمل ہوں گے ، ملک ابرار احمد

جمعرات 17 اپریل 2025 23:11

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 اپریل2025ء) وفاقی حکومت نے ایم این اے ملک ابرار احمد کو حلقہ این اے 55 کی مختلف ترقیاتی سکیموں کے لئے 25 کروڑ روپے کی خصوصی گرانٹ جاری کر دی ہے ، یہ گرانٹ پانی ، سیوریج ، سٹرکوں کی تعمیر اور سٹریٹ لائٹس کی تنصیب کی سکیموں پر خرچ ہوگی ۔ پاکستان مسلم لیگ (ن) کے ڈویژنل صدر و رکن قومی اسمبلی ملک ابرار احمد نے وزیراعظم کا خصوصی شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف نے ہمیشہ راولپنڈی کے عوام کی ترقی کو ترجیح دی ہے اور اب ایک بار پھر انہوں نے حلقہ این اے 55 کے عوام کے دیرینہ مسائل کے حل کے لیے تاریخی اقدام کیا ہے۔

جمعرات کو یہاں صحافیوں سے گفتگو کر تے ہوئے ایم این اے ملک ابرار احمد نے کہا کہ یہ گرانٹ راولپنڈی کنٹونمنٹ بورڈ کے 12 اور چکلالہ کنٹونمنٹ بورڈ کے 3 اراکین کو منتقل کر دی گئی ہے تاکہ دونوں کنٹونمنٹ کی وارڈوں میں ترقیاتی منصوبے جلد از جلد مکمل کیے جا سکیں۔

(جاری ہے)

اس 25 کروڑ روپے کی گرانٹ سے راولپنڈی کنٹونمنٹ بورڈ کی سکیموں جن میں شاہ بلوط پارک صدر میں 10 لاکھ گیلن پانی ذخیرہ کرنے لئے زیر زمین ٹینک بنانے کے لئے 23.50ملین روپے ، شیر خان روڈ سے آر اے بازار پل تک پانی کی لائن بچھانے کے لئے 3.50 ملین روپے ، شا لے ویلی میں زیر زمین ٹینک سے اعوان اسٹریٹ تک 160 ایم ایم قطر کی پائپ لائن بچھانے کے لئے 4.30 ملین روپے ، جھنگی سیداں سے بھاٹہ چوک تک 200 ایم ایم قطر کی سیوریج پائپ بچھانے کے لئے 84ملین روپے ، بوکڑہ زیر زمین ٹیک سے اسلام آباد ویلی 200 قطر کی پانی سپلائی لائن بچھانے کے لئے 8.90 ملین روپے ، چیئرنگ کراس زیر زمین ٹینک سے لین نمبر 6 تک پانی سپلائی کے لئے 200 ایم ایم قطر کی پائپ لائن بچھانے کے لئے 3.8ملین روپے ، مختلف زیر زمین ٹینکس اور ٹیوب ویلوں کی مشنیری اپ گریڈیشن کے لئے 10 ملین روپے ، 3 نئے واٹر فلٹریشن پلانٹس کی تنصیب کے لئے 7 ملین روپے ، وارڈ ایک تا 10 تک نئی سٹریٹ لائٹس کی تنصیب کے لئے 15 ملین روپے ، قبرستان تا چاکرہ پیٹرول پمپ تک روڈ تعمیر کے لئے 30 ملین جبکہ چکلالہ کینٹونمنٹ بورڈ کی تین وارڈوں میں مختلف سکیموں جن میں وارڈ نمبر 7,8,9میں سٹریٹ لائٹس کی تنصیب کے لئے 10 ملین روپے ، ان تینوں وارڈوں میں پانی سپلائی کی بوسیدہ لائنوں کی تبدیلی اورٹیوب ویلوں پر پمپس مشنیری کے لئے 28 ملین روپے اور پی سی سی سٹریٹ تعمیر اور سیوریج لائن بچھانے کے لئے 22 ملین روپے خرچ ہونگے ۔

ملک ابرار احمد نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف کی اس خصوصی گرانٹ سے راولپنڈی کینٹ اور چکلالہ کینٹ کے رہائشی علاقوں میں بنیادی سہولیات بہتر ہوں گی اور عوام کو ریلیف ملے گا۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) نے ہمیشہ عملی اقدامات کیے ہیں اور ہم آئندہ بھی عوامی خدمت کا سفر جاری رکھیں گے۔