دہشت گردوں کی ایسی کاروائیاں بلوچستان کی پرامن روایات اور قبائلی اقدار کے سراسر خلاف ہیں،صوبائی مشیر ماحولیات و موسمیاتی تبدیلی نسیم الرحم

جمعرات 17 اپریل 2025 22:30

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 اپریل2025ء) صوبائی مشیر ماحولیات و موسمیاتی تبدیلی نسیم الرحمان خان ملاخیل نے گذشتہ روز مستونگ میں پولیس وین پر دہشت گردوں کے بزدلانہ حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔ اپنے ایک مذمتی بیان میں انہوں نے کہا کہ فورسز کو نشانہ بنانا ایک غیر انسانی اور مذموم فعل ہے جو کسی بھی مہذب معاشرے میں قابل قبول نہیں۔

اپنے بیان میں صوبائی مشیر نے کہا کہ دہشت گردوں کی ایسی کاروائیاں بلوچستان کی پرامن روایات اور قبائلی اقدار کے سراسر خلاف ہیں۔ بلوچستان ایک پرامن اور محبت کرنے والا خطہ ہے، جہاں ایسی بزدلانہ کارروائیوں کی کوئی جگہ نہیں۔ انہوں نے کہا کہ معصوم جانوں پر حملہ کرنے والے نہ صرف قانون کے دشمن ہیں بلکہ انسانیت کے بھی قاتل ہیں۔

(جاری ہے)

نسیم الرحمان خان ملاخیل نے مزید کہا کہ کسی بھی مذہب یا تہذیب میں اس قسم کی گھناؤنی حرکتوں کی اجازت نہیں دی گئی۔

دہشت گردوں کا یہ حملہ ملک میں بدامنی پھیلانے کی ایک مذموم کوشش ہے، جسے پوری قوت سے ناکام بنایا جائے گا۔انہوں نیسیکیورٹی اداروں پر زور دیا کہ وہ ان مجرموں کو جلد از جلد قانون کے کٹہرے میں لائیں صوبائی مشیر نے حملے میں شہید ہونے والے اہلکاروں کے لئے مغفرت اور زخمی ہونے والے اہلکاروں کی جلد صحتیابی کے لیے دعا کی اور متاثرہ خاندانوں سے دلی ہمدردی کا اظہار کیا۔