اپنی قیادت کی ہدایت پر ایرانی سپریم لیڈر سے ملاقات کی ،شہزادہ خالد بن سلمان

ہم نے سعودی ایران تعلقات اور انہیں مضبوط کرنے کے طریقوں کا جائزہ لیا،ایکس پر بیان

جمعہ 18 اپریل 2025 13:30

ریاض (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 اپریل2025ء)سعودی وزیر دفاع شہزادہ خالد بن سلمان نے اپنے ایکس اکانٹ پر ایک پوسٹ میں کہا ہے کہ انہوں نے اپنی قیادت کی ہدایت اور رہنمائی میں ایرانی سپریم لیڈر علی خامنہ ای سے ملاقات کی ہے۔ممیڈیارپورٹس کے مطابق شہزادہ خالد بن سلمان نے کہا ہے کہ ملاقات کے دوران میں نے خادم حرمین شریفین کی طرف سے انہیں ایک تحریری پیغام پہنچایا ہے۔

(جاری ہے)

قیادت کی جانب سے خیر سگالی کے اظہار کے ساتھ دونوں ملکوں کے درمیان دو طرفہ تعلقات کا جائزہ لیا گیا مشترکہ دلچسپی کے امور اور موضوعات پر بھی تبادلہ خیال کیا ہے۔سعودی وزیر دفاع نے ایکس پر بتایا کہ قیادت کی رہنمائی میں میں نے اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر ڈاکٹر مسعود پیزشکیان سے ملاقات کی۔ ہم نے سعودی ایران تعلقات اور انہیں مضبوط کرنے کے طریقوں کا جائزہ لیا۔ ہم نے علاقائی اور بین الاقوامی پیش رفت اور اس سلسلے میں کی جانے والی کوششوں پر بھی تبادلہ خیال کیا۔