ایتھوپیا، پاکستان کا ادیس ابابا میں سنگل کنٹری نمائش کی تیاریوں کا جائزہ

جمعہ 18 اپریل 2025 17:16

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 اپریل2025ء) ایتھوپیا کے خصوصی ایلچی اور سفیرڈاکٹر جمال بیکر نے جمعہ کے روز وزارت تجارت میں وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان سے ملاقات کی۔ وزارت سے جاری اعلامیہ کے مطابق ملاقات میں ادیس ابابا میں 15 تا 17 مئی 2025 کو ہونے والی سنگل کنٹری نمائش کی تیاریوں کو حتمی شکل دینے کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔

اس موقع پر وزیرِ اعظم کے کوآرڈینیٹر برائے تجارت، رانا احسان افضل خان، وزارت تجارت پاکستان اور اسلام آباد میں موجود ایتھوپین سفارتخانے کے اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔ملاقات میں وزارت تجارت، ٹی ڈی اے پی اور ایتھوپین سفارتخانے کے باہمی اشتراک سے جاری سرگرمیوں کا جائزہ لیا گیا جن کا مقصد پاکستانی تاجر برادری کو نمائش میں بھرپور شرکت کی ترغیب دینا ہے۔

(جاری ہے)

یہ نمائش’’انویسٹ ان ایتھوپیا‘‘ کے عنوان سے 12 تا 13 مئی 2025 کو ہونے والے ہائی لیول بزنس فورم کے ساتھ منعقد کی جائے گی۔وزیر تجارت جام کمال خان نے نمائش کے لیے پاکستانی چیمبرز کے ساتھ فعال روابط اور پاکستانی برآمدکنندگان کو شرکت پر آمادہ کرنے کے لیے ایتھوپین سفیر کے کردار کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ یہ نمائش پاکستان کی “لک افریقہ اور انگیج افریقہ ” پالیسی کا ایک نمایاں اقدام ہے، جو پاکستان اور ایتھوپیا کے درمیان تجارتی تعلقات کو مضبوط بنانے کے ساتھ ساتھ افریقی منڈیوں میں نئے مواقع پیدا کرے گی۔

جام کمال نے اس نمائش کو پاکستانی کاروباری اداروں کے لیے ایک سنہری موقع قرار دیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ٹیکسٹائل، مشینری، لیدر مصنوعات، الیکٹرو میڈیکل آلات، بیج اور خوراک کے شعبوں کو اس سے بہت فائدہ ہوگا۔ جام کمال نے کہا کہ اب تک 74 درخواست دہندگان میں سے 63 کمپنیوں نے اپنی شرکت کی تصدیق کر دی ہے۔مزید شرکت کو فروغ دینے کے لیے، وزارت تجارت اور ٹی ڈی اے پی تجارتی چیمبرز کے ساتھ رابطے میں ہیں اور درخواست فیس میں کمی پر غور کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ویزہ مسائل کو مدنظر رکھتے ہوئے پاکستانی وزارت تجارت نے ایتھوپین سفارتخانے سے ویزا آن ارائیول کی سہولت حاصل کر لی ہے تاکہ تاخیر سے درخواست دینے والوں کو شرکت کا موقع مل سکے۔وزیر تجارت نے ایتھوپین ایئر لائنز کے کردار کو بھی سراہا، جو پاکستان کے لیے براہِ راست پروازیں چلاتی ہیں اور پاکستان کی افریقہ تک رسائی میں اہم کردار ادا کر رہی ہے۔

ایتھوپین سفیر نے بھی نمائش کو کامیاب بنانے کے لیے اپنی حکومت کی مکمل حمایت کا یقین دلایا اور کہا کہ ایتھوپیا پاکستانی وفد کی میزبانی کے لیے پوری طرح تیار ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ کینیا، تنزانیہ، یوگنڈا، روانڈا، برونڈی، جبوتی، جنوبی سوڈان، نائجیریا اور گھانا سمیت 9 افریقی ممالک کے وفود کو بھی مدعو کیا گیا ہے، اور تقریباً 100 سے 150 غیر ملکی مندوبین کی شرکت متوقع ہے۔دونوں فریقین نے پاکستان-ایتھوپیا جوائنٹ ٹریڈ کمیٹی کے پہلے اجلاس پر بھی بات چیت کی، اور ایجنڈے کو جلد حتمی شکل دینے پر اتفاق کیا۔