بی آئی ایس پی پروگرام کے ذریعے دیہی علاقوں میں مستحقین کی رجسٹریشن کا عمل جاری ہے، میر علی حسن زہری

جمعہ 18 اپریل 2025 17:20

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 اپریل2025ء) صوبائی وزیر زراعت کوآپریٹیو صدرمملکت آصف علی زرداری کے ترجمان برائے بلوچستان میر علی حسن زہری نے کہا ہے کہ بی آئی ایس پی پروگرام کے ذریعے دیہی علاقوں میں مستحقین کی رجسٹریشن کا عمل جاری ہے، لوہی میں بی آئی ایس پی کولیکشن سینٹرز قائم کردیا گیا ہے اور جون تک ڈی آرسی کا قیام عمل میں لایا جائیگا۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے بی آئی ایس پی حکام کی جانب سے دی گئی بریفنگ کے موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے کیا۔ میر علی حسن زہری کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ وسیلہ تعلیم پروگروام کے تحت ضلع حب کے 43ہزار بچوں کو تعلیمی وظائف ملیں گے کفالت سکیم کے ذریعے رجسٹرڈ مستحقین کی تعداد 23ہزار تک پہنچ گئی ہے، رجسٹریشن کا عمل مکمل ہونے کے بعد33 کروڑروپے بی آئی ایس پی مستحق خاندانوں میں تقسیم ہوں گے۔

(جاری ہے)

میر علی حسن زہری نے کہا کہ ہماری کوشش ہے کہ زیادہ سے زیادہ مستحقین تک بی آئی ایس پی پروگرام میں رجسٹریشن کی رسائی ممکن بنائی جائے۔ اس سلسلے میں چیئرپرسن بی آئی ایس پی سینیٹر روبینہ خالد کے تعاون سے ضلع حب کے دوردراز پہاڑی علاقوں کیلئے رجسٹریشن موبائل سروسز کی چار وین حاصل کی گئی ہیں، گوادر قلعہ سیف اللہ کے بعد ضلع حب میں بی آئی ایس پی کی ٹیمیں ترجیحی بنیادوں پر مستحقین کی رجسٹریشن کررہی ہیں۔