پنجاب اسمبلی کے حلقہ پی پی۔52 سیالکوٹ میں ضمنی انتخاب کیلئے شیڈول جاری

جمعہ 18 اپریل 2025 17:26

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 اپریل2025ء) الیکشن کمیشن نے پنجاب اسمبلی کے حلقہ پی پی۔52 سیالکوٹ میں ضمنی انتخاب کیلئے شیڈول جاری کر دیا ہے جس کے مطابق پولنگ یکم جون 2025ء کو ہو گی۔

(جاری ہے)

جمعہ کو کمیشن کی جانب سے جاری کئے گئے شیڈول کے مطابق رکن پنجاب اسمبلی چوہدری ارشد جاوید وڑائچ کی وفات سے خالی ہونے والی اس نشست پر ضمنی انتخاب کیلئے کاغذات نامزدگی 23 سے 25 اپریل کو جمع کرائے جا سکیں گے، جن کی جانچ پڑتال 30 اپریل تک ہو گی، کاغذات نامزدگی منظور یا مسترد کئے جانے کے خلاف اپیلیں 3 مئی جبکہ اپیلٹ ٹربیونل کی جانب سے اس پر فیصلہ 10 مئی تک ہو گا۔

کاغذات نامزدگی 12 مئی کو واپس لئے جا سکیں گے جبکہ 13 مئی کو امیدواروں کو انتخابی نشانات الاٹ کئے جائیں گے۔ الیکشن کمیشن نے ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ محمد ذوالقرنین لنگڑیال کو ڈسٹرکٹ ریٹرننگ آفیسر، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو سیالکوٹ محمد اقبال کو ریٹرننگ آفیسر اور ڈپٹی ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر سمبڑیال عامر شہزاد اور تحصیلدار سمبڑیال ناصر محمود ججہ کو اسسٹنٹ ریٹرننگ آفیسر مقرر کیا ہے۔