سرینگر، میر واعظ عمر فاروق کو مسلسل چوتھے جمعہ گھر میں نظر بند کر کے جامع مسجد میں نماز جمعہ ادا کرنے سے روک دیا

جمعہ 18 اپریل 2025 21:00

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 اپریل2025ء) بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر میں نئی دلی کے مسلط کردہ لیفٹیننٹ گورنر کے ماتحت انتظامیہ نے کل جماعتی حریت کانفرنس کے سینئر رہنما میر واعظ عمر فاروق کومسلسل چوتھے جمعہ سرینگر میں گھر میں نظر بند کر کے جامع مسجد میں نماز جمعہ ادا کرنے سے روک دیا۔ کشمیر میڈیاسروس کے مطابق میر واعظ نے ”ایکس “پر اس اقدام کی مذمت کرتے ہوئے اپنی بار بار نظربندی کو انہیں خاموش کرنے اور کشمیر کے اہم مسلم اداروں کو کمزور کرنے کی ایک منصوبہ بند کوشش قرار دیا۔

انہوں نے کہا کہ یہ پابندی جامع مسجد کی اہمیت کو کم کرنے کے مذموم ایجنڈے کا حصہ ہے جو کشمیر ی مسلمانوں کی روحانی اور سیاسی زندگی کا ایک تاریخی مرکز ہے۔

(جاری ہے)

میرواعظ نے کہا کہ اس کارروائی کا مقصد بھارت کی آمرانہ پالیسیوں کے خلاف مزاحمت کرنے والوں کو اجتماعی سزا دینا بھی ہے۔ انجمن اوقا ف جامع مسجد نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں میر واعظ کی بار بار نظربندی کی مذمت کرتے ہوئے اسے غیر منصفانہ قرار دیا۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ نظر بندی کا مقصد میر واعظ کو کشمیری مسلمانوں کو درپیش مسائل کے بارے میں آواز اٹھانے سے روکنا ہے۔ دریں اثنا بھارتی فورسز اہلکاروں نے کٹھوعہ اور پونچھ اضلاع میں محاصرے اور تلاشی کی کارروائیوں کا سلسلہ جاری رکھا۔ کٹھوعہ کے علاقوں جوتھانہ ، بلاور، بھدو، گھٹی اور کوگ منڈلی میں تلاشی آپریشن تیسرے ہفتے میں داخل ہو گیا ہے۔

فوجیوں نے جوتھانہ میں حال ہی میں 2کشمیری نوجوان شہید کیے تھے۔ پونچھ کے لسانہ جنگلاتی علاقے میں بھارتی فوج اور اسپیشل آپریشن گروپ کا مشترکہ آپریشن آج مسلسل چوتھے دن بھی جاری رہا۔بھارتی فورسز نے ان کارروائیوں کے دوران اب تک درجنوں افراد کو کالے قانون پبلک سیفٹی ایکٹ کے تحت گرفتار کر لیا ہے۔ بھارت کشمیریوں کے خلاف اپنا جبر و استبداد تیز کرنے کیلئے علاقے میں پیرا ملٹری سینٹرل ریزرو پولیس فورس(سی آر پی ایف) کی ایک نئی بٹالین کا قیام عمل میں لائے گا۔

سی آر پی ایف کے ڈائریکٹر جنرل گیانیندر پرتاپ سنگھ نے ایک بیان میں کہا کہ وزیر داخلہ امیت شاہ نے بٹالین کے قیام کی منظوری دی ہے اور یہ جموں اور وادی کشمیر دونوں مقامات پر آپریشنوں میں حصہ لے گی۔ ادھر کل جماعتی حریت کانفرنس کے ترجمان ایڈوکیٹ عبدالرشید منہاس نے سرینگر میں ایک بیان میں مزاحمتی رہنما شہید ایس حمید وانی کو آج ان کی برسی کے موقع پر شاندار خراج عقیدت پیش کیا ہے ۔ بھارتی فوجیوں نے ایس حمید کو1998 میں آج کے دن سری نگر میں شہید کر دیا تھا۔