پنجاب میں پہلی مرتبہ سرکاری سطح پر جدید ترین مصنوعی انسانی اعضا کی ٹیکنالوجی ”بایونکس“ کا آغاز

پنجاب ”بایونکس“ ٹیکنالوجی کے ذریعے معذور افراد کی بحالی کی صلاحیت رکھنے والا پہلا صوبہ بن گیا، ٹیکنالوجی سے بنے مصنوعی اعضا میں دماغ کے سگنل کے مطابق حرکت دینے کی صلاحیت ہوتی ہے

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ جمعہ 18 اپریل 2025 19:23

پنجاب میں پہلی مرتبہ سرکاری سطح پر جدید ترین مصنوعی انسانی اعضا کی ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 18 اپریل 2025ء) پنجاب میں پہلی مرتبہ سرکاری سطح پر جدید ترین مصنوعی انسانی اعضا کی ٹیکنالوجی ” بایونکس“ کا آغازکر دیا گیا۔ ” بایونکس“ ٹیکنالوجی سے بنے مصنوعی اعضامیں دماغ کے سگنل کے مطابق حرکت دینے کی صلاحیت ہوتی ہے۔پنجاب” بایونکس“ ٹیکنالوجی کے ذریعے معذور افراد کی بحالی اوران کی زندگیوں کو عام افراد کی طرح فعال بنانے کی صلاحیت رکھنے والا پاکستان کا پہلا صوبہ بن گیا۔

”بایونکس“ دنیا کی مہنگی ترین ٹیکنالوجی ہے۔ وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے چھ سالہ سہیل کو ”بایونکس“ ٹیکنالوجی کے مصنوعی بازو لگوا دیئے۔ وزیراعلی مریم نواز شریف کرنٹ لگنے سے کہنی کے نیچے بازو سے محروم سہیل کو سٹیج پر خود لے کر آئیں۔ دماغ سے خود کارسگنل ملنے پر حرکت کرنے والے بازو کی تنصیب سے ننھے سہیل کی زندگی بدل گئی۔

(جاری ہے)

کمسن سہیل نے حادثے کے بعد پہلی مرتبہ اپنے دونوں ہاتھوں کو حرکت دی، وزیراعلیٰ کے کہنے پر تالیاں بجا کر اظہار مسرت کیا۔

وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے ننھے سہیل سے ہاتھ ملا کر ہائی فائیو کیا۔ وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے سہیل کی حوصلہ افزائی کی اور پیار کیا۔ وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے کمسن سہیل کو اپنے ساتھ سٹیج سے واپس لائی۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے سپیشل افراد کیلئے معاون آلات کے سب سے بڑے پراجیکٹ کا افتتاح کردیا۔ وزیراعلی مریم نواز شریف نے خود کار وہیل چیئر، پیڈز وہیل چیئر، ٹرائی وہیل سکوٹی اور دیگر معاون آلات دئیے اور حوصلہ افزائی کی۔

تقریب میں پنجاب بھر سے 300 سے زائد سپیشل افراد نے شرکت کی۔ تقریب میں آمد پر دو پیاری خاص بچیوں عائزہ اور عائشہ نے وزیراعلیٰ مریم نواز کا خیر مقدم کیا اور گلدستے پیش کئے۔ وزیراعلی مریم نواز شریف تقریب میں سپیشل افراد کے درمیان بیٹھ گئیں۔وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے ننھی بچے کو ساتھ بٹھا لیا اور پیار کیا۔قوعت گویائی سے محروم بچوں نے تقریب میں قومی ترانے، ترجمہ تلاوت کو اشاروں کی زبان میں بیان کیا۔

صوبائی وزیر سہیل شوکت بٹ نے تقریب سے خطاب میں پراجیکٹ کی تفصیلات سے آگاہ کیا۔ صوبہ بھر میں سپیشل افراد کو ایک ارب کے مصنوعی اعضا،الہ سماعت، وہیل چیئر اور دیگر آلات مفت دئیے جائیں گے۔سپیشل افراد کو مینوئل وہیل چیئر، رولیٹر، ٹرائی سائیکل، الیکٹرک اور موٹر رائزڈ وہیل چیئر دئیے جائیں گے۔ٹرائی موٹر سائیکل، واکنگ واکر، فریم موبائل ٹائلٹ چئیر، پیڈز وہیل چیئر، کنٹرولڈ وہیل چیئر بھی دی جائے گی۔

سپیشل افراد کو ضرورت کے مطابق آلہ سماعت اور مصنوعی اعضاء بھی مفت دئیے جائیں گے۔ مزید برآں وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نوازشریف نے تمام سرکاری عمارتوں میں سپیشل افراد کیلئے خصوصی ریمپ بنوانے کا حکم دے دیا۔سپیشل افراد کیلئے معا ون آلات کی فراہمی کے پراجیکٹ کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نوازشریف نے کہا کہ سپیشل افراد کے لئے عمارتوں میں ریمپ نہ بنوانا ان کا احترام نہ کرنے کے مترادف ہے۔

میں اپیل کرتی ہوں کہ کوئی بھی سپیشل افراد کی معذوری کا مذاق نہ بنائے اور نہ انہیں اس حوالے سے کوئی نام دیا جائے۔انہوں نے کہا کہ یکم مئی کو پاکستان کا سب سے بڑا راشن کارڈ پروگرام لانچ کریں گے۔ ساڑھے 12لاکھ خاندانوں کو 10ہزار روپے دیئے جائیں گے۔ وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے کہا کہ اللہ تعالیٰ کے فضل وکرم سے پانچ ماہ میں 30ہزار گھر”اپنی چھت،اپنا گھر پراجیکٹ“ سے بن رہے۔

پاکستان کی تاریخ میں کوئی بھی حکومت عوام کے لئے 3 ہزار گھر بھی نہیں بنا سکی۔ وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے کہا کہ سال کے آخر تک ایک لاکھ گھر بنانے کا ہدف حاصل کریں گے۔ جن کے پاس زمین نہیں، ان کو تین مرلے کے مفت پلاٹ ملیں گے۔ ہر اس شخص تک پہنچناچاہتی ہوں جو ریاست کا انتظار کررہا ہے۔ رمضان المبار ک میں 30 لاکھ افرادکو گھر بیٹھے 10ہزار روپے کے چیک ملے۔

وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے کہا کہ دعا ہے کہ ایسا دن آئے کہ یہ کوئی نہ کہے کہ میں دوسروں کے جیسے کیوں نہیں۔ سپیشل افراد کے لئے خاص طور پر فیلڈ ہسپتالوں میں بھی لفٹر لگوائے۔ جسمانی کمزوری کے شکار افراد سوشل ویلفیئرڈیپارٹمنٹ کے پورٹل پر رجسٹریشن کرائیں، ضرورت کے مطابق معاون آلات ان کے گھر تک پہنچائیں گے۔انہوں نے کہا کہ لوگوں کی زندگی میں بہتری لانا محمد نوازشریف اور محمد شہبازشریف خواب ہے اور یہی میرا خواب۔

گھر میں معذور ی یا بیماری آجائے تو مالی طور پر کمزور شکار مزید مشکلات کا شکار ہوجاتے ہیں۔ کربلا گامے شاہ میں 15سال قبل بم دھماکے میں دونوں ٹانگوں سے محروم ہونے والے نوجوان کو سکوٹی مل گئی۔ وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے کہا کہ ان لوگوں کے پاس پہنچ رہے ہیں جو برسوں سے ریاست کے در پر دستک دے رہے تھے۔ اب ریاست رخ عوام کی طرف ہے۔ حکومت کے پاس وسائل ہوتے ہیں اگر پہنچنا چاہے تو ضرورت مندوں تک پہنچ سکتی ہے۔

اللہ تعالیٰ ضرورت مندوں کی مدد کے لئے اقتدار دیتا ہے۔وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے کہا کہ ہسپتالوں کے بار بار دورے کرنے کی ضرورت کے سوال پر میں نے کہا کہ سی ایم کا کام ٹانگ پر ٹانگ رکھ کر دفتر میں بیٹھنا نہیں۔ سی ایم کا کام ہے کہ وہ عوام کے درمیان موجود رہے اور ان کا حال جانے۔ ہاتھوں سے محروم بچے نے شاندار پنسل سکیچ بناکر مجھے حیران کردیا، میں نے وہ سکیچ فریم کرواکر دفتر لگوایا۔

ریاست ماں کے جیسے ہوتی ہے ماں تو ہر بچے کی ضرورتوں کا یکساں خیال کرتی ہے۔ وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے کہا کہ ریاست کے وسائل طاقتور وں کے لئے نہیں بلکہ کمزور لوگوں کے لئے ہوتے ہیں۔ریاست کو ان کی آواز بننا چاہیے جن کی آواز سننے والے کوئی نہیں۔ بعض لوگوں کو صرف آلہ سماعت ملنے سے ہی ان کی زندگی میں  بہتری آسکتی ہے۔