Live Updates

عمران خان کیخلاف ہرجانے کا دعویٰ؛ شہباز شریف کی ویڈیو لنک پر پیشی کے دوران بجلی چلی گئی

ٹی وی پر سب کے سامنے بار بار یہ الزام لگایا گیا اور یہ بے ہودہ الزام بار بار دہرایا بھی گیا؛ وزیراعظم کا عدالت میں مؤقف

Sajid Ali ساجد علی ہفتہ 19 اپریل 2025 12:27

عمران خان کیخلاف ہرجانے کا دعویٰ؛ شہباز شریف کی ویڈیو لنک پر پیشی کے ..
اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 19 اپریل 2025ء ) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی چیئرمین عمران خان کے خلاف 10 ارب روپے ہرجانے کے کیس میں وزیراعظم شہباز شریف ویڈیو لنک پر پیش ہوئے تاہم عدالت میں ان پر جرح کے دوران بجلی بند ہوگئی جس کی وجہ سے سماعت کچھ دیر کے لیے روکنا پڑ گئی۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق ایڈیشنل سیشن جج کی طرف سے شہباز شریف کے ہتک عزت کے دعوے پر سماعت کی جارہی ہے جہاں آج کی سماعت کے دوران وزیراعظم شہباز شریف بذریعہ ویڈیو لنک عدالت میں پیش ہوئے تو بانی پی ٹی آئی اور سابق وزیراعظم عمران خان کے وکیل محمد حسین نے وزیراعظم شہباز شریف پر جرح کا آغاز کیا، عدالت میں جرح سے پہلے شہباز شریف نے کمرہ عدالت میں حلف لیا۔

بتایا گیا ہے کہ جرح میں عمران خان کے وکیل نے شہباز شریف سے سوال کیا کہ ’کیا آپ یہ تسلیم کرتے ہیں کہ آپ نے دعویٰ ڈسٹرکٹ کورٹ میں دائر نہیں کیا؟‘ جس پر انہوں نے جواب دیا کہ ’یہ میرے پاس لکھا ہے کہ دعویٰ ڈسٹرکٹ جج کے پاس دائر ہوا‘، اس پر بانی پی ٹی آئی کے وکیل نے ان سے سوال کیا کہ ’آپ تسلیم کرتے ہیں کہ اپ نے دعوے میں کسی میڈیا ہاؤس کو فریق نہیں بنایا؟‘، شہباز شریف نے کہا کہ ’جی یہ بات درست ہے‘۔

(جاری ہے)

سماعت کے دوران عمران خان کے وکیل نے ان سے سوال کیا کہ ’کیا یہ درست ہے کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان نے آپ پر 10 ملین کا الزام آمنے سامنے نہیں لگایا‘، جس پر شہباز شریف نے اپنے جواب میں کہا کہ ’ٹی وی پر سب کے سامنے بار بار یہ الزام لگایا گیا، یہ بے ہودہ الزام بار بار دہرایا گیا‘، شہباز شریف پر جرح کا سلسلہ ابھی جاری ہی تھا کہ اس دوران بجلی چلی گئی اور بجلی بند ہونے کے باعث دعوے پر سماعت کچھ دیر کے لیے روک دی گئی۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات