صوابی،ژالہ باری ،طوفان اور بارشوں سے تیار زرعی صلیں تباہ

ہفتہ 19 اپریل 2025 20:05

صوابی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 اپریل2025ء)شدید ژالہ باری طوفان اور بارشوں سے صوابی اور پختونخوا کے دوسرے علاقوں میں تیار زرعی فصلوں کو شدید نقصان پہنچا ہے ۔ گزشتہ روز رات کو صوابی کے مختلف علاقوں میں موسم نے خطرناک صورت حال اختیار کی اور تیز بارش کے ساتھ ژالہ باری شروع ہوگئی ۔ چند مقامات پر آسمانی بجلی گرنے سے کافی نقصان ہوا ۔

دریائے سندھ میں ہنڈ کے مقام کشتی پر آسمانی بجلی گرنے سے کشتی بان اقبال حسین جاں بحق جبکہ کشتی پر سوار دو افراد جنید اور ارشد زخمی اور دو افراد حسیب اور واصف شاہ بچ گئے تھے ، اس دوران زرعی فصلوں تمباکو ۔ گندم ۔ مختلف سبزیات اور باغات وغیرہ کو شدید نقصان پہنچا ہے۔ اس وقت گندم اور ملکی تمباکو سفید پتا کی فصل بلکل تیار ہے . اور مختلف علاقوں میں گندم کی کٹائی کا عمل شروع ہو گیا ہے ۔

(جاری ہے)

صوابی میں سب سے زیادہ متاثرہ علاقوں میں پلو ڈھنڈ ۔ سلیم خان ۔ مانیری صوابی شامل ہیں۔ تحصیل ٹوپی ۔لاہور اور رزڑ کے مختلف پٹوار سرکل میں بھی جزوی نقصان ہوا ہے۔ اتحاد کاشتکاران پختونخوا کے چیرمین عارف علی خان اور نائب صدر محمد اقبال خان آف شیوہ نے شدید مالی اور جانی نقصان پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ کاشتکاروں کے نقصانات کا ازالہ کیا جائے ۔ شدید موسمیاتی تبدیلیوں سے سب سے زیادہ متاثرہ طبقہ کاشتکار و زمیندار ہے ۔ متاثرہ علاقوں کا سرویے کیا جائے ۔