پاکستان ادارہ شماریات کے زیر اہتمام چیف سیکرٹری بلوچستان کے کانفرنس ہال میں قیمتوں اور ان کی مانیٹرنگ کے حوالے سے ورکشاپ کا انعقاد

ہفتہ 19 اپریل 2025 22:20

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 اپریل2025ء) پاکستان ادارہ شماریات کے زیر اہتمام چیف سیکرٹری بلوچستان کے کانفرنس ہال میں قیمتوں اور ان کی مانیٹرنگ کے حوالے سے ورکشاپ کا انعقاد کیا گیا۔ ورکشاپ کی صدارت ایڈیشنل چیف سیکرٹری بلوچستان حافظ عبدالباسط نے کی۔ ورکشاپ میں پاکستان ادارہ شماریات کے سربراہ ڈاکٹر نعیم الظفر (ستارہ امتیاز)، ممبر ادارہ شماریات محمد سرور گوندل (ستارہ امتیاز)، اسلام آباد سے آئے ہوئے متعلقہ افسران، ادارہ شماریات بلوچستان کے سربراہ روح اللہ شاہ، میمونہ بابر سمیت دیگر متعلقہ محکموں کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔

اس موقع پر ڈاکٹر نعیم الظفر نے شرکاء کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ قیمتوں کے حوالے سے ڈیٹا اکٹھا کرنا، اس کا تجزیہ اور استعمال ایک اہم قومی ضرورت ہے۔

(جاری ہے)

ادارہ شماریات، بلوچستان حکومت کے ساتھ ہر ممکن تعاون کے لیے تیار ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ ادارہ صرف اشیاء کی قیمتوں کا ڈیٹا اکٹھا کرتا ہے، اس کی مانیٹرنگ یا کنٹرول کا کام متعلقہ اداروں کا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ ادارہ شماریات کا ڈیٹا اکٹھا کرنے کا نظام خودکار (آٹو) ہے، جس کے ذریعے فیلڈ میں موجود نمائندے درست اور شفاف ڈیٹا حاصل کرتے ہیں۔ ان نمائندوں کو بین الاقوامی معیار کی تربیت فراہم کی جاتی ہے۔ ان کے مطابق ادارے کے پاس پاکستان کے تمام اضلاع کا تفصیلی ڈیٹا موجود ہوتا ہے، جسے ضلعی انتظامیہ اپنی منصوبہ بندی میں استعمال کر سکتی ہے۔

ڈاکٹر نعیم الظفر نے مزید کہا کہ پرائس ڈیٹا کلیکشن کا عمل مکمل طور پر ڈیجیٹل ہے، جو شفافیت کو یقینی بناتا ہے۔ رمضان المبارک کے دوران ادارہ شماریات نے ملک کے 72 شہروں سے 29 اشیائے خوردونوش کی قیمتوں کا ڈیٹا جمع کیا۔ انہوں نے بتایا کہ بلوچستان، مہنگائی کو قابو میں رکھنے کے حوالے سے ملک بھر میں سب سے آگے رہا ہے۔ورکشاپ کے اختتام پر محمد سرور گوندل نے تمام شرکاء کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ایسے اقدامات سے حکومتی پالیسی سازی اور مہنگائی کے کنٹرول میں مؤثر مدد مل سکتی ہے