وزیر اعظم شہباز شریف کے اوورسیز پاکستانیوں کے لیے مراعاتی پیکج سے سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال ہو گا، افتخار علی ملک

اتوار 20 اپریل 2025 09:50

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 اپریل2025ء) سارک چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سابق صدر افتخار علی ملک نے کہا ہے کہ وزیر اعظم شہباز شریف کی طرف سے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے لیے مراعاتی پیکج سے غیر ملکی و مقامی سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال ہو گا اور سرمایہ کاری کو راغب کرنے میں مدد ملے گی۔ اتوار کو یہاں اپنے ایک بیان میں انہوں نے اوورسیز پاکستانیوں کی کانفرنس کے کامیاب انعقاد پر وزیراعظم کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ اس پیکج میں ٹیکس کی چھوٹ کو نمایاں حیثیت حاصل ہے جس میں کارپوریٹ نرخوں میں کمی، مشینری کی درآمد اور ترجیحی صنعتوں، توانائی اور برآمدی شعبوں میں سرمایہ کاری پر انکم ٹیکس میں چھوٹ قابل ذکر ہیں۔

انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم شہباز شریف کی پالیسیاں تبدیلی کے وژن کی نشاندہی کرتی ہیں جس سے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو مرکزی معاشی دھارے میں لانے کی راہ ہموار ہو گی۔

(جاری ہے)

اس تاریخی پیکج سے خوشحالی کو فروغ ملے گا اور عالمی مارکیٹ میں پاکستان کو مسابقت کے حصول میں مدد ملے گی۔ افتخار علی ملک نے کہا کہ سرمایہ کاری کے فروغ سے ملازمتوں کی تخلیق، ٹیکنالوجی کی منتقلی اور برآمدی صلاحیت کو بڑھانے میں مدد ملے گی۔

اس سے نہ صرف سرمایہ کاری کی راہ ہموار ہو گی بلکہ ماضی کے معاشی عدم استحکام کی وجہ سے ختم ہونے والا اعتماد بھی بحال ہو گا۔ مزید برآں اقتصادی تجزیہ کاروں نے اس امید کا اظہار کیا ہے کہ اس مراعاتی پیکج سے ترسیلات زر میں اضافہ اور صنعتی سرمایہ کاری میں استحکام پیدا ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ وقت آ گیا ہے کہ تمام سمندر پار پاکستانی اس تاریخی مواقع سے بھرپور فائدہ اٹھاتے ہوئے ملکی ترقی میں اپنا کلیدی کردار ادا کریں۔