پاکستان کی خوشحالی کسان کی خوشحالی سے جڑی ہے ‘ملک افضل کھوکھر

وزیر اعلی پنجاب کے اقدامات کسانوں ،پاکستانی معیشت کے لیے مفید ثابت ہوں گے

اتوار 20 اپریل 2025 11:10

رائے ونڈ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 اپریل2025ء) مسلم لیگ (ن) کے رکن قومی اسمبلی ملک افضل کھوکھر نے وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کی جانب سے گندم کے کاشتکاروں کے لئے خصوصی پیکج کے اعلان کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ ساڑھے 5لاکھ کاشت کاروں کو براہ راست گندم سپورٹ فنڈ کے تحت 15ارب روپے کے فنڈز کی منظوری انتہائی خوش آئند قدم ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے اپنے بیان میں کہا کہ پنجاب میں گندم کے کاشتکاروں کے لیے آبیانہ اور فکس ٹیکس میں بھی چھوٹ کاشتکاروں کے لئے ریلیف ہے،کسانوں کو چار ماہ مفت سٹوریج کی سہولت مہیا کرنے کے اقدام سے گندم کو موسمی اثرات اور کسانوں کو مارکیٹ کے دبا سے محفوظ رکھنے میں آسانی ہوگی، گندم اور گندم سے تیار شدہ اشیا کی برآمد میں وفاقی حکومت، حکومت پنجاب کو بھرپور تعاون فراہم کرے گی ۔

ملک افضل کھوکھر نے کہا کہ پاکستان کی خوشحالی کسان کی خوشحالی سے جڑی ہے ،پاکستان مسلم لیگ (ن) کا منشور ہے کہ کسان کو اس کی محنت کا پورا پورا معاوضہ ملے ،کسانوں کی فلاح و بہبود کے لیے وزیر اعلی پنجاب کے بروقت اقدامات نہ صرف کسانوں بلکہ پوری پاکستانی معیشت کے لیے مفید ثابت ہوں گے۔