چوہدری نعیم اختر سمیت بیرون ممالک میں مقیم اوورسیز کشمیری کشمیریوں کے حقیقی سفیر ہیں،شاہ غلام قادر

بھارت ایک ظالم، جابر قابض اور دہشت گرد ملک ہے،بھارت نے دو قومی نظریے کو کبھی بھی تسلیم نہیں کیا

اتوار 20 اپریل 2025 13:10

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 اپریل2025ء)صدر مسلم لیگ ن وممبر قانون ساز اسمبلی آزاد جموں وکشمیر شاہ غلام قادر سے چیئرمین جموں وکشمیر فورم فرانس،ممبر مرکزی مجلس عاملہ مسلم لیگ ن وسابق کوآرڈینیٹر وزیراعظم آزادکشمیر برائے یورپ چوہدری نعیم اختر نے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی،دونوں رہنماؤں کے درمیان مسئلہ کشمیر کی تازہ صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے شاہ غلام قادر نے چوہدری نعیم اختر کی مسئلہ کشمیر کے حوالے سے خدمات کو خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ چوہدری نعیم اختر سمیت بیرون ممالک میں مقیم اوورسیز کشمیری کشمیریوں کے حقیقی سفیر ہیں جو بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کا مکروہ چہرہ دنیا بھر میں بے نقاب کر رہے ہیں اور دنیا کو مقبوضہ جموں وکشمیر کے اندر ہونے والے انسانیت سوز مظالم سے آگاہ کر رہے ہیں شاہ غلام قادر نے مزید کہا کہ بھارت ایک ظالم، جابر قابض اور دہشت گرد ملک ہے،بھارت نے دو قومی نظریے کو کبھی بھی تسلیم نہیں کیا،انہوں نے کہا کہ قائداعظم محمد علی جناحؒ اور علامہ محمد اقبالؒ کا ویژن وسیع تھا،دونوں رہنماؤں نے ہندو انتہاء پسندانہ ذہنیت کو بھانپ لیا تھا،انہوں نے کہا کہ پاکستان مسلم امہ کی امیدوں کا مرکز ہے،پاکستان اللہ تعالیٰ کے فضل وکرم سے ایٹمی طاقت ہے،انہوں نے کہا کہ آزاد جموں وکشمیر تحریک آزادی کشمیر کا بیس کیمپ ہے اور بیس کیمپ سے مقبوضہ کشمیر کے بھائیوں کی آزادی کے لیے جدوجہد جاری رکھیں گے،بھارت کا مکروہ چہرہ دنیا میں بے نقاب ہو چکا ہے،اقوام متحدہ مسئلہ کشمیر کو حل کرانے میں کردار ادا کرے کیونکہ مسئلہ کشمیر حل کیے بغیر خطہ میں قیام امن ممکن نہیں ہے،اس موقع پر چوہدری نعیم اختر نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہم پہلے کی طرح اب بھی ان شاء اللہ دل وجان سے مسئلہ کشمیر کو دنیا بھر میں ہر پلیٹ فارم پر بھرپور اجاگر کریں گے اور اپنی کشمیری بھائیوں کی توانا آواز بنیں گے آج کا دور سوشل میڈیا کا دور ہے بھارتی ظلم وستم کو سوشل میڈیا کے پلیٹ فارم سے بھی بے نقاب کریں گے ان شاء اللہ مقبوضہ جموں وکشمیر میں جلد آزادی کا سورج طلوع ہوگا افواج پاکستان کشمیریوں کے تحفظ کیلئے جانیں قربان کررہی ہے،افواج پاکستان کی قربانیاں ناقابلِ فراموش ہیں۔

(جاری ہے)

شہداء جموں وکشمیر اور شہداء افواج پاکستان کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں انہوں نے کہا کہ شہداء کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔