جاپانی کیلنڈروں کی نمائش پاک جاپان دوستی کی علامت بن کر ابھری

سیاستدان ،بیورو کریٹ،بزنس مین ،سول سوسائٹی سمیت دیگر شعبوں سے منسلک افراد نے نمائش دیکھی جاپانی کیلنڈروں کی نمائش سے پاکستانی لوگوں کو جاپانی کلچر سے واقفیت حاصل ہوئی ہی:سید فیروز عالم شاہ

اتوار 20 اپریل 2025 15:25

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 اپریل2025ء)جاپانی ثقافت کی عکاسی کرنے والے کیلنڈرزکی تین روزہ نمائش اختتام پذیرہوگئی۔جاپانی کیلنڈرزکی نمائش پاک جاپان دوستی کی علامت بن کر ابھری۔تفصیلات کے مطابق پاک جاپان فرینڈ شپ سوسائٹی کوئٹہ بلوچستان اور جاپان قونصلیٹ کراچی کے تعاون سے پاکستان اور جاپان کے درمیان ثقافتی رشتے کو مزید مضبوط بنانے کے حوالے سے جاپان کلچر سینٹر جناح ٹائون میں منعقد کی جانے والی تین روزہ نمائش میں جاپانی ثقافت کی عکاسی کرنے والے کیلنڈرز ڈسپلے کئے گئے تھے۔

اس کے علاوہ بچوں کی د لچسپی کیلئے جاپانی گڑیا’’حنا ماتسوری‘ ‘ کا بھی خصوصی اسٹال لگایا گیاتھاجو شرکا ء کی توجہ کا خاص مرکزبنارہا۔جاپانی کیلنڈرزکی نمائش دیکھنے کیلئے بلوچستان کی وزیر تعلیم راحیلہ حمید درانی ،ایرانی کلچر سینٹر کوئٹہ کے ڈائریکٹر جنرل قدرت اللہ،کوئٹہ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سینئر نائب صدر حاجی اختر کاکڑ،پاک ایران مشترکہ چیمبر کے نائب صدر ڈاکٹر فرحت حسین،کوئٹہ سمال چیمبر اینڈ سمال انڈسٹری کے نائب صدر عطاء اللہ مینگل ، کوئٹہ پریس کلب کے صدر عرفان سعید، سیکرٹری ایوب ترین ، سینئر صحافی سلیم شاہدسمیت سیاستدان ،بیورو کریٹ،بزنس مین ،دانشور ،صحافی ، سول سوسائٹی ، وکالت، صحت ، تعلیم اور سپورٹس کے شعبے سے منسلک افراد کی بڑی تعداد نے بھر پور شرکت کی۔

(جاری ہے)

جاپانی کلچر اور جاپان سے دلچسپی رکھنے والے افراد کیلئے نمائش انتہائی دلچسپی کا باعث بنی،نمائش میں جاپان کے ثقافتی رنگوں کو نمایاں کیا گیاتھا۔جاپان کے اعزازی قونصل جنرل سید ندیم عالم شاہ اور پاکستانی حکومت کے مشیر سرمایہ کاری بورڈ اورپاک جاپان فرینڈ شپ سوسائٹی کوئٹہ بلوچستان کے صدر(تمغہ امتیاز) سید فیروز عالم شاہ نے جاپانی ثقافت و تہذیب پر مبنی نئے سال کے کیلنڈر وں کی نمائش دیکھنے والے معزز مہمانوں کا شکریہ ادا کیا۔

پاک جاپان فرینڈ شپ سوسائٹی کوئٹہ بلوچستان کے صدر(تمغہ امتیاز) سید فیروز عالم شاہ کا کہنا تھا کہ جاپانی کیلنڈروں کی نمائش سے پاکستانی لوگوں کو جاپانی کلچر سے واقفیت حاصل ہوئی او راس نمائش سے پاکستان اور جاپان کے ثقافتی رشتے مزید مضبوط ہوں گے، جاپان کے ساتھ سماجی، ثقافتی اور تجارتی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے حوالے سے پاک جاپان فرینڈ شپ سوسائٹی کوئٹہ بلوچستان اپنا مثبت کردار ادا کرتی رہے گی۔