وزیراعلیٰ پنجاب کے ویژن پر امیر و غریب کے بچوں کو یکساں نظام تعلیم دینے کے مثبت و دورس نتائج برآمد ہو رہے ہیں،ملک شعیب اعوان

اتوار 20 اپریل 2025 16:10

سرگودھا(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 اپریل2025ء)چیئرمین پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن ملک شعیب اعوان نے کہاہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب کے ویژن پر امیر اور غریب کے بچوں کو یکساں نظام تعلیم دینے کے مثبت و دورس نتائج برآمد ہو رہے ہیں ،فاؤنڈیشن کے ذریعے غریب کے بچوں کو مفت کتب کے ساتھ مفت تعلیم کو فروغ دیا جا رہا اور مستقبل میں غریب کے بچے اعلیٰ تعلیم حاصل کر کے ملک کے اعلیٰ عہدوں اور خدمت انسانیت میں پیش پیش ہونگے۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق چیئرمین پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن ملک محمد شعیب اعوان نے میٹ دی پریس میں کہا کہ فاؤنڈیشن کے تحت چلنے والے سکولوں میں تعلیم کے نام پر ڈکیتی کرنے والوں کا مکمل محاسبہ کیا جا رہا ہے اور قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کو بھاری جرمانہ کے ساتھ بے دخل کرنے کا عمل تیزی سے جاری ہے اور ادارہ میں زیر تعلیم بچوں میں اضافہ کے لئے ڈور ٹو ڈور مفت تعلیم کی ترغیب دی جا رہی ہے اور ادارہ کے قوانین کو کرپشن سے پاک کرنے کے لئے چیک اینڈ بیلنس کے نظام کے تحت اقرا کارڈز کا اجرا اور آن لائن طلبا و طالبات کی حاضری کو یقینی بنایا جا رہا ہے اور مستقبل قریب میں آن لائن تعلیم کو فروغ دینے کے ساتھ ادارہ میں توسیع کے لئے سرگودھا اور بہاولپور میں فیڈریشن کے ڈویژنل دفاتر کام شروع کر دیں گے جبکہ ہونہار طلبا کو میرٹ کی بنیاد پر کیڈٹ کالجز کے ذریعے اعلیٰ تعلیم کو فروغ دیا جائے گا اور سرگودھا میں مزید ایک سو مفت تعلیم کے سکولوں کے اضافہ پر کام شروع کر دیا گیا ہے۔