اسلام آباد انسٹی ٹیوٹ آف اسٹریٹجک اسٹڈیزکے زیر اہتمام زمبابوے کے قومی دن کے موقع پر تقریب کا انعقاد

اتوار 20 اپریل 2025 20:20

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 اپریل2025ء) اسلام آباد میں زمبابوے کے قومی دن کی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ مقررین نے زمبابوے کی حکومت اور عوام کو ان کے 45 ویں قومی دن کی مبارکباد پیش کی اور دونوں ممالک کے درمیان تاریخی تعلقات کو اجاگر کیا اور تجارت، تعلیم اور دفاعی شعبوں میں تعاون کو مزید بڑھانے پر زور دیا۔ اسلام آباد انسٹی ٹیوٹ آف اسٹریٹجک اسٹڈیز(آئی ایس ایس آئی) کے تحت سنٹر فار افغانستان، مڈل ایسٹ اینڈ افریقہ (سی اے ایم ای اے) اور پاکستان افریقہ انسٹی ٹیوٹ فار ڈویلپمنٹ اینڈ ریسرچ (پائیدار)کے اشتراک سے زمبابوے کے قومی دن کے موقع پر ایک تقریب کا انعقاد کیا گیا۔

تقریب کا آغاز پاکستان اور زمبابوے کے قومی ترانوں سے ہوا، جس کی نظامت سی اے ایم ای اے کی ڈائریکٹر امینہ خان نے کی۔

(جاری ہے)

تقریب کے میں مقررین میں آئی ایس ایس آئی کے ڈائریکٹر جنرل سفیر سہیل محمود، زمبابوے کے پاکستان میں سفیر ایئر مارشل(ر) ٹی ایم جے ابو باسوتو، پاکستان کے زمبابوے میں سفیر مراد بصیر اور آئی ایس ایس آئی کے بورڈ آف گورنرز کے چیئرمین سفیر خالد محمود شامل تھے۔

تقریب کے مہمان خصوصی پائیدار کے صدر سینیٹر مشاہد حسین سید تھے جبکہ کلیدی خطاب وزارت خارجہ پاکستان کے ایڈیشنل سیکرٹری(افریقہ)سفیر حامد اشغر خان نے کیا۔ سفیر سہیل محمود نے زمبابوے کی حکومت اور عوام کو ان کے 45 ویں قومی دن کی مبارکباد پیش کی اور دونوں ممالک کے درمیان تاریخی تعلقات کو اجاگر کیا۔ انہوں نے تجارت، تعلیم اور دفاعی شعبوں میں تعاون کو مزید بڑھانے پر زور دیا۔

سینیٹر مشاہد حسین سید نے زمبابوے کی آزادی کی جدوجہد میں پاکستان کے تعاون کا اعادہ کیا اور دونوں ممالک کے درمیان دفاعی تعاون کو سراہا۔ سفیر حامد اشغر خان نے اقتصادی تعلقات کو مضبوط بنانے کی ضرورت پر روشنی ڈالی اور پاکستان۔افریقہ اکنامک کونسل جیسے اقدامات کو فروغ دینے کی تجویز پیش کی۔ سفیر ابو باسوتو نے پاکستان کی طرف سے زمبابوے کے لئے تعاون پر شکریہ ادا کیا اور تجارت، کان کنی اور سیاحت جیسے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر زور دیا۔

سفیر مراد بصیر نے زمبابوے میں پاکستانی تاجروں کے کردار کو سراہا اور افریقی فری ٹریڈ زون کے تحت سرمایہ کاری کے مواقع کو اجاگر کیا۔ اختتام پر سفیر خالد محمود نے زمبابوے کے ساتھ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کی امید کا اظہار کیا۔ یہ تقریب دونوں ممالک کے درمیان دیرینہ دوستی اور مستقبل میں تعاون کے نئے راستوں کو ہموار کرنیکی جانب ایک اہم قدم ثابت ہوگی۔