وفاقی حکومت عوام کو بجلی کی قیمت میں مزید ریلیف دے گی،آنے والے دنوں میں معیشت میں اور بہتری آئے گی،وفاقی وزیرسینیٹراعظم نذیر تارڑ

اتوار 20 اپریل 2025 20:40

وفاقی حکومت عوام کو بجلی کی قیمت میں مزید ریلیف دے گی،آنے والے دنوں ..
فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 اپریل2025ء) وفاقی وزیر برائے قانون و انصاف و انسانی حقوق سینیٹراعظم نذیر تارڑ نے کہا ہے وفاقی حکومت عوام کوبجلی کی قیمت میں مزید ریلیف دے گی،آنے والے دنوں میں معیشت میں اوربہتری آئے گی۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے سرفراز تارڑ فارم ہائوس جڑانوالہ میں گندم کٹائی مہم کے افتتاح کے موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت نے کسانوں کو 15 ارب روپے کا پیکج دیا ہے ،کسانوں کو سستی کھاد کی فراہمی ہماری اولین ترجیح ہے حکومت گندم کاشت کرنے والے زمیندارں کی بہتری کے لیے کوشاں ہے۔ انہوں نے کہا کہ زراعت کو نصاب میں شامل کرنا چاہیے، زیادہ پیداوار حاصل کرنے کیلئے بیج اچھا ہونا ضروری ہے ، سپورٹنگ پرائس ختم ہونے سے پیدا ہونے والی مشکلات عارضی ہیں۔

(جاری ہے)

80 کی دہائی میں چاول سپورٹنگ پرائس ختم کی تو یہی صورتحال تھی بعد ازاں چاول کی قیمت مارکیٹ سپلائی کے مطابق طے ہونے لگی۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم شہباز شریف سیڈز ڈویلپمنٹ کے لیے پُرعزم ہیں، چین نے پروگریسو فارمنگ کے ذریعے انقلاب برپا کیا ،وزیراعظم نے چین سے خصوصی تعاون کی درخواست کی ہے۔انہوں نے کہا کہ ہمارے 1 ہزار زرعی گریجویٹس تربیت کے لیے چین جا رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ان کا تعلق خود ایک زمیندار گھرانے سے ہے وہ زمیندارں کی مشکلات سے واقف ہیں،ہمیں مشکل فیصلے کرنا پڑ رہے ہیں تاہم حکومت گندم کاشت کرنے والے زمیندارں کی بہتری کے لیے کوشاں ہے، انہوں نے کہا کہ اہلیان جڑانوالہ موٹر وے سے مستفید ہورہے ہیں،موٹر وے جڑانوالہ کی عوام کیلئے نواز شریف کا تحفہ ہے۔