گھڑ سواری اور نیزہ بازی جیسے روایتی کھیل ثقافتی ورثے کا لازمی حصہ ہیں جو نوجوان نسل کو ان کی ورثہ سے منسلک کرتے ہیں، فیصل کریم کنڈی

پیر 21 اپریل 2025 00:00

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 اپریل2025ء) گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ گھڑ سواری اور نیزہ بازی جیسے روایتی کھیل ثقافتی ورثے کا لازمی حصہ ہیں جو نوجوان نسل کو ان کی ورثہ سے منسلک کرتے ہیں اور صحت مند طرز زندگی کو فروغ دیتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسلام آباد کے ایف نائن پارک میں منعقدہ ایک عظیم الشان نیزے بازی کے مقابلے میں شرکت کے موقع پر گفتگو کے دوران کیا، وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری بھی ان کے ہمراہ تھے۔

تقریب کی میزبانی سابق ڈپٹی میئر اسلام آباد سید ذیشان حیدر نقوی نے کی جس میں معروف کاروباری شخصیت شہباز ظہیر، پیپلز پارٹی کے سابق صوبائی وزیر اور صوبائی سیکرٹری اطلاعات امجد خان آفریدی اور معروف روحانی شخصیت اور معروف نیزہ باز صاحبزادہ سلطان محمد علی سمیت اہم شخصیات نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

اس مقابلے میں ملک بھر کے مشہور ٹینٹ پیگنگ کلبوں کی ٹیموں نے حصہ لیا۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے گورنر فیصل کریم کنڈی نے نیزہ بازی کی ثقافتی اہمیت پر زور دیتے ہوئے اسے برصغیر کا قدیم روایتی کھیل قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ جہاں دیہی علاقوں میں یہ کھیل پھل پھول رہا ہے وہیں شہری علاقوں میں بھی مقبولیت حاصل کر رہا ہے۔ گورنر نے اس بات پر بھی زور دیا کہ کھیل معاشرے میں اتحاد، نظم و ضبط اور رواداری جیسی خصوصیات پیدا کرتے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ نیزہ بازی کے مقابلوںسے نہ صرف جسمانی صلاحیتوں میں اضافہ ہوتا ہے بلکہ ذہنی چستی میں بھی تیزیآتی ہے۔ گورنرخیبر پختونخوا نے اس کامیاب تقریب پر منتظمین کو مبارکباد دی اور مستقبل میں باقاعدگی سے اس طرح کے پروگراموں کے انعقاد کی اہمیت پر زور دیا۔ تقریب کے اختتام پر انہوں نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والی ٹیموں میں ٹرافیاں اور اسناد بھی تقسیم کیں۔