جسٹس منصور علی شاہ نے قائم مقام چیف جسٹس آف پاکستان کے عہدے کا حلف اٹھا لیا

حلف برداری کی تقریب سپریم کورٹ میں منعقد ہوئی ، سپریم کورٹ کے سینئر جج جسٹس منیب اختر نے جسٹس منصور علی شاہ سے حلف لیا،چیف جسٹس یحییٰ خان آفریدی کی بیرون ملک سے واپسی تک جسٹس منصور بطور قائم مقام چیف جسٹس فرائض انجام دیں گے

Faisal Alvi فیصل علوی پیر 21 اپریل 2025 10:35

جسٹس منصور علی شاہ نے قائم مقام چیف جسٹس آف پاکستان کے عہدے کا حلف اٹھا ..
ّاسلام آباد(اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔21اپریل 2025)جسٹس منصور علی شاہ نے قائم مقام چیف جسٹس آف پاکستان کے عہدے کا حلف اٹھا لیا، حلف برداری کی تقریب سپریم کورٹ میں منعقد ہوئی ، سپریم کورٹ کے سینئر جج جسٹس منیب اختر نے جسٹس منصور علی شاہ سے حلف لیا،حلف برداری کی تقریب میں سپریم کورٹ کے ججز، اٹارنی جنرل، لا افسران اور وکلا شریک ہوئے۔ چیف جسٹس آف پاکستان یحییٰ خان آفریدی کی بیرون ملک سے واپسی تک جسٹس منصور بطور قائم مقام چیف جسٹس فرائض انجام دیں گے۔

چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس یحییٰ آفریدی ایک ہفتے کے سرکاری دورے پر چین گئے ہوئے ہیں جہاں وہ جوڈیشل کانفرنس میں پاکستان کی نمائندگی کر رہے ہیں۔سپریم کورٹ کے اعلامیہ کے مطابق ایس سی او عدالتی کانفرنس کل سے 26 اپریل تک چین کے شہر ہانگڑو میں منعقد ہوگی۔

(جاری ہے)

وفد ایس سی او ممبر ممالک کے چیف جسٹسز کی کانفرنس میں پاکستان کی نمائندگی کرے گا۔ چیف جسٹس آف پاکستان کے ہمراہ جسٹس امین الدین خان، جسٹس شاہد وحید، ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج گوادر ظفر جان اور سینئر سول جج لکی مروت نادیہ گل وزیر بھی وفد میں شامل ہیں۔

چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس یحییٰ آفرید ی اپنے دوران چین کے دوران چین کے ساتھ تاریخی مفاہمتی یاد داشت پر دستخط کریں گے۔چیف جسٹس آف پاکستان یحییٰ آفریدی کی ایران اور ترکیہ کے ججز کے ساتھ دو طرفہ ملاقاتیں بھی شیڈول ہیں۔چیف جسٹس آف پاکستان ایک خصوصی دعوت پر ترکی کا بھی دورہ کریں گے۔چیف جسٹس کانفرنس کی سائیڈ لائنز پر اپنے ایرانی ہم منصب سے بھی ملاقات کریں گے جبکہ جسٹس شاہد وحید عدلیہ میں مصنوعی ذہانت کے استعمال سے متعلق اجلاس میں خطاب کریں گے۔سپریم کورٹ کی طرف سے جاری کردہ اعلامیہ میں مزید بتایاگیا ہے کہ چیف جسٹس یحییٰ آفریدی ترکیہ بھی جائیں گے جہاں وہ آئینی عدالت کی 63 ویں سالگرہ کی تقریبات میں شرکت کریں گے۔