حکومت آزاد کشمیر کی جانب سے بلند و بانگ دعوے سن سن کر عوام عاجز آ گئے

سرکاری ہسپتالوں میں فنڈز کی عدم دستیابی کی وجہ سے غریب عوام ایڑیاں رگڑ رگڑ کر بے موت مرنے پر مجبور ہو چکی ہے

پیر 21 اپریل 2025 17:29

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 اپریل2025ء) سرکاری ہسپتالوں میں فنڈز کی عدم دستیابی کی وجہ سے غریب عوام ایڑیاں رگڑ رگڑ کر بے موت مرنے پر مجبور ہو چکی ہے، جب کہ حکومت آزاد کشمیر کی جانب سے بلند و بانگ دعوے سن سن کر عوام عاجز آ چکے ہیں۔ وزیراعظم آزاد کشمیر بجٹ سے پہلے صحت کارڈ سمیت تمام سرکاری ہسپتالوں میں زندگی بچانے والی ادویات اور ایمرجنسی میں ادویات مہیا کریں۔

امیدوار اسمبلی حلقہ تین مظفرآباد لیاقت شبیر نے بجٹ سے پہلے مفت ایمرجنسی سروسز، مفت صحت کارڈ مہیا کرنے کا مطالبہ کر دیا بصورت دیگر سول سوسائٹی سے مشاورت کے بعد بجٹ کے موقع پر قانون ساز اسمبلی آزاد کشمیر کے باہر تک لانگ مارچ اور دھرنے دینے کرنے کا اعلان۔لیاقت شبیر کا کہنا تھا کہ سابق ادوار خاص کر سابق وزیراعظم راجہ فاروق حیدر خان نے مفت ایمرجنسی اور صحت کارڈ کا اجراء کر رکھا تھا اور لوگوں کو علاج معالجہ کی سہولیات میسر تھیں مگر موجودہ حکومت نے آتے ہی نہ صرف دونوں سہولیات عوام کے لیے بند کر دیں بلکہ عوام کو بے بہت مرنے پر بھی مجبور کر دیا گیا۔

(جاری ہے)

لیاقت شبیر کا کہنا تھا کہ وزیراعظم آزاد کشمیر نے کئی ایک اعلانات سمیت صحت کارڈ بحالی کا بھی اعلان کیا تھا مگر ابھی تک صحت کارڈ بحالی پر عمل درآمد نہیں ہو سکا اور نہ ہی ہسپتالوں میں مفت اور ایمرجنسی میں ادویات میسر ہیں۔ لیاقت شبیر کا کہنا تھا کہ اگر بجٹ پیش کرنے سے پہلے پہلے آزاد کشمیر بھر کے تمام سرکاری ہسپتالوں میں صحت کارڈ کو بحال اور مفت ایمرجنسی ادویات مہیا نہ کی گئیں تو پھر تاریخ ساز احتجاج کرتے ہوئے بجٹ کے موقع پر نہ صرف قانون ساز اسمبلی کے سامنے دھرنا دیں گے بلکہ لانگ مارچ بھی کریں گے۔