سندھ زرعی یونیورسٹی ٹنڈوجام اور کیپیٹل کنسلٹنٹس اسلام آباد کے درمیان تحقیقی و تکنیکی تعاون کے لیے مفاہمتی یادداشت پر دستخط

پیر 21 اپریل 2025 17:43

حیدرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 اپریل2025ء) سندھ زرعی یونیورسٹی ٹنڈوجام اور اسلام آباد کی معروف فرم کیپیٹل کنسلٹنٹس کے درمیان تحقیقی و تکنیکی تعاون کے فروغ کے لیے ایک مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیے گئے ہیں۔ آن لائن تقریب کے دوران اس معاہدے پر سندھ زرعی یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر الطاف علی سیال اور کیپیٹل کنسلٹنٹس کے چیف ایگزیکٹو آفیسر معظم علی طور نے دستخط کیے۔

تقریب میں پروفیسر ڈاکٹر تنویر فاطمہ میانو، ڈائریکٹر (اورک)، خدیجہ طور، مینیجر ایچ آر، ڈاکٹر محمد اسماعیل کمبھر، ڈاکٹر تنویر فتاح ابڑو، اور ڈاکٹر منیر احمد جمالی بھی شریک تھے۔ معاہدے کا مقصد باہمی تحقیق، مقامی ٹیکنالوجی کی تیاری، اور علم کی منتقلی کے ذریعے جدت کو فروغ دینا ہے۔

(جاری ہے)

معاہدے کے تحت طلباء کو انٹرن شپ کے مواقع، جدید تربیت، ٹیکنالوجی کی صنعتی سطح پر منتقلی اور مارکیٹ کی ضروریات کے مطابق حل تیار کرنے پر کام کیا جائے گا۔

کیپیٹل کنسلٹنٹس منصوبوں کی مالی معاونت فراہم کرے گا، جبکہ سندھ زرعی یونیورسٹی اپنی فیکلٹی، ریسرچ اسکالرز اور تحقیقی سہولیات کے ذریعے قابلِ عمل اور قابلِ فروخت مصنوعات کی تیاری میں اپنا کردار ادا کرے گی۔ بین الاقوامی اسکالرشپس اور تحقیقی منصوبوں میں طلباء کی رہنمائی بھی اس معاہدے کا حصہ ہے۔اس موقع پر وائس چانسلر ڈاکٹر الطاف علی سیال نے کہا کہ دنیا زراعت کے جدید دور میں داخل ہو چکی ہے، جہاں روبوٹک نظام پر کام جاری ہے، اور ہم اس وقت پریسیشن ایگریکلچر کے مرحلے پر ہیں۔

اس معاہدے سے طلبہ کو زیادہ انٹرن شپس اور اسکالرشپس کے مواقع میسر آئیں گے۔انہوں نے تعلیمی و صنعتی شعبے کے درمیان پل قائم کرنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ایسا تعاون ملک کو زرعی و تکنیکی چیلنجز سے نمٹنے میں مدد دے گا۔معظم علی طور نے کہا کہ یہ معاہدہ پانچ سال کے لیے نافذ العمل ہوگا، جسے باہمی رضامندی سے توسیع دی جا سکتی ہے۔ اس سے باہمی ترقی، ٹیکنالوجی میں خود کفالت، اور علم پر مبنی معیشت کو فروغ ملے گا۔