2ارب ڈالر کی ایم 6اور9، ناران، کاغان موٹروے امسال کے اہم منصوبے ہیں ، وفاقی وزیر

بلوچستان میں این25اور سندھ میں موٹرویز پر کام شروع ہو رہا ہے،ٹائم لائن کی پابندی کریں، عبدالعلیم خان

پیر 21 اپریل 2025 22:50

2ارب ڈالر کی ایم 6اور9، ناران، کاغان موٹروے امسال کے اہم منصوبے ہیں ، ..
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 اپریل2025ء)وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان نے کہا ہے کہ سندھ میں 2ارب ڈالر مالیت کی ایم6اور ایم9موٹرویز کے منصوبے اسی سال شروع کریں گے،صوبہ خیبر پختونخواہ میں مانسہرہ، نارا ن اور کاغان موٹروے کے کام کا بھی امسال آغاز کرنا چاہتے ہیں، بلوچستان میں کوئٹہ سے کراچی این25کو بھی موٹروے کی طرز پر 4لین بنانے کے کام کو شروع کیا جا رہا ہے جبکہ سندھ میں سکھر، حیدرآباد اور کراچی موٹروے کا منصوبہ بھی شروع ہو رہا ہے۔

اس امر کا اظہار انہوں نے نیشنل ہائی وے اتھارٹی سینٹرل زون کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان نے این ایچ اے حکام سے لاہور سے قصور کی18کلومیٹر لنک روڈ کے منصوبے کی تفصیلات طلب کرتے ہوئے کہا کہ اس ادارے کی’’ پریزینٹیشن ‘‘کوبا مقصد اور معیاری ہونا چاہیے۔

(جاری ہے)

انہوں نے سینٹر ل زون کے حکام کو کام کی رفتار تیز کرنے کی ہدایت کی تاکہ جاری منصوبوں کو کم سے کم وقت میں مکمل کیا جا سکے۔

عبدالعلیم خان نے کہا کہ ہم سب عوام کو جوابدہ ہیں، لوٹ مار نہیں کرنے دیں گے اور نیشنل ہائی وے اتھارٹی کو اپنی ذمہ داریاں پوری کرنا ہوں گی۔اپنے ریمارکس میں وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان نے کہا کہ تعمیراتی کام کے معیار پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا، این ایچ اے شہروں میں داخلی راستوں کو خوبصورت اور دلکش بنائے جبکہ نئی شاہراہوں پر بھی صفائی ستھرائی اور خوبصورتی کے لئے طے شدہ معیار کو یقینی بنانا ہوگا۔

وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان نے ا ین ایچ اے ہیڈ کو آرٹرز سینٹر ل زون کے دورے کے موقع پر پودا لگایا اور وفاقی سیکرٹری مواصلات اور چیئرمین این ایچ اے کے ہمراہ ہیڈ کو آرٹر زکی کارکردگی پر بریفنگ لی۔ وفاقی وزیر عبدالعلیم خان کا کہنا تھا کہ افسران محنت اور جاں فشانی سے کام کریں، ان کو ان کا جائز حق ضرور دیا جائے گا اور ایمانداری سے کام کرنے والوں کی حوصلہ افزائی ہوگی۔ وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان نے این ایچ اے حکام کو رنگ روڈ اتھارٹی سے حل طلب امور پر مشترکہ اجلاس کرنے کی بھی ہدایت کی تاکہ زیر التواء مسائل جلد سے جلد حل ہو سکیں۔