ڑ* تجاوزات کے خلاف کارروائیاں، 8 ٹرک سامان ضبط اور 119 غیر قانونی املاک سیل

ؒضلعی انتظامیہ لاہور کا شہر کو خوبصورت بنانے کا مہم، ڈی سی سید موسیٰ رضا کی قیادت میں تجاوزات کے خلاف زبردست کامیابی والڈ سٹی، کوٹوالی اور حاجی کیمپ سمیت بڑے بازاروں سے تجاوزات کا خاتمہ، شہریوں کے لیے وسیع سڑکیں اور بازار یقینی

پیر 21 اپریل 2025 21:15

hلاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 21 اپریل2025ء) ضلعی انتظامیہ لاہور نے ڈپٹی کمشنر سید موسیٰ رضا کی ہدایت پر شہر کے بڑے بازاروں سے تجاوزات کے خلاف بڑے پیمانے پر کارروائی کرتے ہوئے شاندار کامیابی حاصل کی ہے۔ اس مہم کے دوران 8 ٹرک تجاوزات کا سامان ضبط کیا گیا، جس میں والڈ سٹی، کوٹوالی اور حاجی کیمپ سے 7 ٹرک اور رائے ونڈ بازار سے ایک ٹرک سامان شامل ہے۔

ضلعی انتظامیہ کے اس آپریشن کے دوران شہر بھر سے 8000 سے زائد غیر قانونی بینرز اور پوسٹرز بھی ہٹائے گئے اور 119 غیر قانونی املاک کو سیل کیا گیا۔ یہ کارروائی چیف آفیسر بلدیہ عظمیٰ لاہور شاہد عباس کاٹھیا کی نگرانی اور میٹروپولیٹن آفیسر ریگولیشن ہیڈکوارٹر کاشف جلیل کی قیادت میں کی گئی، جبکہ ڈپٹی کمشنر سید موسیٰ رضا خود میگا آپریشنز کی نگرانی کر رہے ہیں۔

(جاری ہے)

انسداد تجاوزات مہم کے نتیجے میں شہریوں کے لیے وسیع و عریض سڑکوں اور بازاروں تک آسان رسائی ممکن ہو گئی ہے جبکہ لاہور کی خوبصورتی میں بھی نمایاں اضافہ ہوا ہے۔ ڈپٹی کمشنر سید موسیٰ رضا کا کہنا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی خصوصی دلچسپی سے لاہور تجاوزات سے پاک ہو رہا ہے اور ضلعی انتظامیہ کی زیرو ٹالرنس پالیسی کے تحت تجاوزات مافیا کے خلاف سخت کارروائی جاری ہے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ بلدیہ عظمیٰ لاہور اور ضلعی انتظامیہ مل کر شہر کی ترقی کے لیے کوشاں ہیں۔ میٹروپولیٹن آفیسر ریگولیشن کاشف جلیل نے بتایا کہ تجاوزات کے خاتمے سے لاہور کی خوبصورتی میں نمایاں اضافہ ہو رہا ہے اور شہریوں کے لیے وسیع و عریض سڑکوں اور بازاروں تک رسائی یقینی بنائی جا رہی ہے۔