سیکرٹری ایمرجنسی سروسز 1122کی زیر صدارت اجلا س ، گندم کے کھیتوں میں آتشزدگی کے واقعات پر اظہار تشویش

پیر 21 اپریل 2025 21:20

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 اپریل2025ء) سیکرٹری ایمرجنسی سروسز ڈیپارٹمنٹ، ڈاکٹر رضوان نصیر نے گزشتہ 48 گھنٹوں کے دوران پنجاب میں گندم کے کھیتوں میں پیش آنے والے آتشزدگی کے واقعات پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے بتایا کہ پنجاب ایمرجنسی سروس (ریسکیو 1122) کی فائر اینڈ ریسکیو ٹیموں نے164 گندم کے کھیتوں میں لگنے والی آگ پر پانے کے لئے خدمات فراہم کیں۔

سیکرٹری ایمرجنسی سروسز نے ان واقعات کی روک تھام کے لیے کسانوں میں آگاہی، مقامی کمیونٹی کی تربیت، کمیونٹی ایمرجنسی ریسپانس ٹیموں کے فعال کردار اورریسکیو 1122 کو بروقت کال کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ویڈیو لنک اجلاس کے دوران پنجاب کے ڈویژنل ایمرجنسی افسران نے اپنی اپنی ڈویژنز میں گزشتہ 48 گھنٹوں کے دوران گندم کی فصل میں آگ لگنے کے بڑھتے ہوئے واقعات پر بریفنگ دی۔

(جاری ہے)

ضلعی ایمرجنسی آفیسر ننکانہ نے آگاہ کیا کہ ریسکیو 1122 ننکانہ نے 20 گندم کی فصل میں آگ کے واقعات پر سروسز فراہم کیں، اسی طرح 16 واقعات شیخوپورہ، 12 ڈیرہ غازی خان، 11 حافظ آباد، 10 خانیوال اور باقی 95 واقعات پنجاب کے دیگر اضلاع میں رپورٹ ہوئے جن پر متعلقہ اضلاع میں پنجاب ایمرجنسی سروس کی فائر اینڈ ریسکیو ٹیموں نے فائر اینڈ ریسکیو سروسز فراہم کیں۔

ان 164 آگ کے واقعات کے دوران تقریبا 750 ایکڑ گندم کی فصل متاثر ہوئی جبکہ ہزاروں ایکڑ فصل کو بروقت ریسکیو سروسز سے محفوظ بنایا گیا۔ وہ گزشتہ روز، ڈیلی آپریشنل جائزہ اجلاس کی صدارت کر رہے تھے، جس میں ایمرجنسی سروسز ڈیپارٹمنٹ کے تمام ونگز کے سربراہان، صوبائی مانیٹرنگ آفیسر جبکہ ڈویژنل اور ضلعی ایمرجنسی افسران نے ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی۔

تمام ضلعی ایمرجنسی افسران نے اپنے اپنے اضلاع میں ہونے والے بڑے آپریشنز، اہم فائر آپریشنز اور نمایاں واقعات پر بریفنگ دی۔سیکرٹری ایمرجنسی سروسز، ڈاکٹر رضوان نصیر نے کسانوں کو مشورہ دیا کہ وہ گندم کی فصل میں آگ سے بچا ئوکے لیے کھیتوں کے اردگرد فائر بریکس بنائیں اور فصل کی باقیات کو آگ لگانے سے گریز کریں۔ انہوں نے کسانوں کو ہدایت کی کہ وہ فصل کاٹنے والی مشینری کی باقاعدہ دیکھ بھال کریں تاکہ چنگاری سے آگ بھڑکنے کے امکانات کو کم کیا جا سکے۔

انہوں نے ریسکیو 1122 کی فائر اینڈ ریسکیو ٹیموں کو ہائی الرٹ رہنے، فوری رسپانس کو یقینی بنانے اور مقامی کمیونٹی سے قریبی رابطہ برقرار رکھنے کی ہدایت کی تاکہ گندم کی فصل میں لگنے والی آگ پر بروقت قابو پایا جا سکے۔ انہوں نے ضلعی ایمرجنسی افسران و ہدایت کی کہ وہ کمیونٹی ایمرجنسی ریسپانس ٹیموں کو فعال کریں تاکہ ابتدائی مرحلے میں ہی آگ کے حادثہ کی نشاندہی، مقامی سطح پر فوری کارروائی ہو اور بروقت ریسکیو کنٹرول روم کو اطلاع دی جا سکے تاکہ آگ کو ابتدائی سطح پر ہی بجھایا جا سکے۔ اس کے ساتھ ساتھ انہوں نے آگاہی مہم شروع کرنے کی بھی ہدایت کی تاکہ دیہی سطح پر کسانوں کو گندم کی فصل میں آگ سے بچا کی تربیت دی جا سکے۔