استحکام پاکستان پارٹی کا جنوبی پنجاب کا ریجنل سیکریٹریٹ ملتان میں قائم کرنے کا فیصلہ

پیر 21 اپریل 2025 21:30

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 اپریل2025ء) استحکام پاکستان پارٹی کے اہم اجلاس میں جنوبی پنجاب کا ریجنل سیکریٹریٹ ملتان میں قائم کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا ہے۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ جنوبی پنجاب میں استحکام پاکستان پارٹی کی بڑھتی ہوئی مقبولیت کے پیش نظر رواں ہفتے میں ہی ریجنل سیکریٹریٹ کا افتتاح کر دیا جائے گا۔ترجمان کے مطابق گذشتہ روز صدر آئی پی پی سیکریٹریٹ میں منعقد کئے گئے اعلیٰ سطح کے اجلاس میں متعدد تجاویز پر عمل درآمد کے لئے حتمی حکمت عملی کی منظوری دی گئی جن میں پنجاب بھر میں تنظیم سازی کے عمل کو مکمل کرنے اور تنظیمی ڈھانچے کو ڈویژنل اور ضلعی سطح پر متحرک کرنے کے ساتھ ساتھ تسلسل کے ساتھ جائزہ اجلاسوں کا انعقاد شامل ہے۔

اجلاس میں جنوبی پنجاب کے مختلف اضلاع میں ورکرز کنونشن کے انعقاد کو سیاسی حالات و واقعات کو مد نظر رکھتے ہوئے منعقد کرنے کی منظوری دی گئی۔

(جاری ہے)

اجلاس میں صدر آئی پی پی پنجاب رانا نذیر احمد خان، صوبائی جنرل سیکرٹری و ایم پی اے شعیب صدیقی، نائب صدر آئی پی پی پنجاب محمد خان جتوئی، صدر آئی پی پی جنوبی پنجاب سید رفاقت علی گیلانی،جنرل سیکرٹری تحسین نواز گردیزی اور صدر بہاولپور ڈویژن ایاز محمود کلیار نے شرکت کی۔

اجلاس میں جنوبی پنجاب سے تعلق رکھنے والی سیاسی و سماجی شخصیات عمر خان بابر اور چوہدری علیین گجرنے وفد کے ہمراہ آئی پی پی میں شمولیت کا اعلان کیا۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے پارٹی رہنماؤں نے کہا کہ آئی پی پی ملک بھر میں وفاقی وزیر و صدر استحکام پاکستان پارٹی عبدالعلیم خان کی قیادت میں سیاسی افہام و تفہیم کو فروغ دے گی جو اس وقت کی اہم ترین سیاسی ضرورت ہے۔اجلاس میں اس عزم کا بھی اظہار کیاگیا کہ استحکام پاکستان پارٹی کے پلیٹ فارم سے سیاسی جدوجہد اور عوامی خدمت کی کوششیں جاری رکھی جائیں گی۔