شہداء وطن ہماری درخشاں تاریخ کا سنہری باب ہیں،سٹیشن کمانڈر باغ

ہم ملک پاکستان کے دفاع اور سالمیت کیلئے قوم کے جوانوں کی لازوال قربانیوں کو سلام پیش کرتے ہیں آزاد کشمیر کے جوانوں نے وطن کے چپہ چپہ کا اپنے لہو سے دفاع کیا ہے ہمیں اپنے شہدا پر فخر ہے،سردار محمد زبیرخان

منگل 22 اپریل 2025 16:48

باغ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 اپریل2025ء)باغ اسٹیشن کمانڈر باغ بریگیڈیئر مسعود اختر، ڈپٹی کمشنر راجہ صداقت نے کہا ہے شہداء وطن ہماری درخشاں تاریخ کا سنہری باب ہیں، ملک پاکستان کے دفاع اور سالمیت کیلئے قوم کے جوانوں کی لازوال قربانیوں کو سلام پیش کرتے ہیں، دین اسلام کی سربلندی کیلئے شہادتوں کی تاریخ بہت قدیم ہے، اسلام کے نام پر قائم ہونیوالے ملک پاکستان کی سلامتی کیلئے شہادتوں کا تسلسل وہی ہے جو اسلام کے ابتدائی دور سے جاری ہے ، قوم اپنی مسلح افواج کی پشت پر سیسہ پلائی دیوار کی طرح کھڑی ہے ، اداروں کیخلاف پروپیگنڈہ میں ملوث عناصر کی ناپاک عزائم کو قوم کبھی کامیاب نہیں ہونے دیگی ، مقبوضہ کشمیر کے بھائیوں کو جلد آزادی دلا کر پاکستان کا حصہ بنائیں گے ان خیالات کا اظہار انہوں نے باغ میں’’یوم تکریم شہداء‘‘کی بڑی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا تقریب سے چیئرمین علما ومشائخ کونسل مولانا امتیاز صدیقی ، میئر میونسپل کارپوریشن میجر عبدالقیوم بیگ ، چیئرمین ضلع کونسل پروفیسر آصف ، کرنل ریٹائرڈ عبدالقدیر چوہان ، ایکس سروس مین سوسائٹی کے صدر میجر آزاد ، انجمن شیریان کے صدر انعام عزیز ، سول سوسائٹی کے صدر راجہ عبد الحفیظ ، کیپٹن ریٹائرڈ ممتاز حسین ، صوبیدار فاروق اور دیگر نے خطاب کرتے ہوئے کہا تمام سول سوسائٹی اور باغ کے 25 ہزار ریٹائرڈ فوجی دفاع وطن کیلئے ہمہ وقت اپنی جانوں کے نذرانے پیش کرنے کیلئے تیار ہیں ، اس موقع پر ایک ریلی بھی نکالی گئی شرکا ریلی کشمیر کی آزادی ، پاکستان کی سلامتی اور شہدا وطن کو خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے نعرہ بازی کرتے ہوئے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر پہنچے جہاں شرکا ریلی سے بلوچستان میں جام شہادت نوش کرنے والے میجر سعد کے والد سردار محمد زبیر خان نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آزاد کشمیر کے جوانوں نے وطن کے چپہ چپہ کا اپنے لہو سے دفاع کیا ہے ہمیں اپنے شہدا پر فخر ہے آزاد کشمیر پاکستان کا مضبوط دفاعی مورچہ ہے یہاں کے عوام اپنے اسلاف کی طرح پاکستان کی بقا اور سالمیت کیلئے سینہ سپر ہیں ، پاکستان اور اداروں کے خلاف کسی منفی سوچ کو پنپنے نہیں دیں گے ، سوشل میڈیا پر پھیلائی گئی پراپیگنڈہ مہم کو آر پار کے کشمیری جوتے کی نوک پر رکھتے ہیں ، ریاست جموں کشمیر کے عوام نے قیام پاکستان سے قبل اپنے مستقبل کا فیصلہ پاکستان کے حق میں کر دیا تھا ، بھارت کو جلد کشمیر سے اپنا بوریا بستر گول کر کے بھاگنا پڑے گا، مقبوضہ کشمیر کے عوام جلد آزادی حاصل کر کے پاکستان کا حصہ بنیں گے ۔