زمین صرف ہماری نہیں، آنے والی نسلوں کی بھی امانت ہے‘مریم نواز شریف

ہمیں زمین کو محفوظ بنانے کے لئے آلودگی مموسمیاتی تبدیلیوں کے چیلنجز کا مقابلہ کرنا ہے

منگل 22 اپریل 2025 16:50

زمین صرف ہماری نہیں، آنے والی نسلوں کی بھی امانت ہے‘مریم نواز شریف
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 اپریل2025ء)وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ زمین صرف ہماری نہیں، آنے والی نسلوں کی بھی امانت ہے۔ارتھ ڈے پر اپنے پیغام میں وزیراعلی مریم نواز شریف کا کہنا تھا کہ زمین کے تحفظ کیلئے ہمیں قدرتی وسائل اور درختوں کو بچانا ہے، زمین کو محفوظ بنانے کے لئے آلودگی اور موسمیاتی تبدیلیوں کے چیلنجز کا مقابلہ کرنا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت قدرتی مسکن کی حفاظت کے مشن میں سب سے آگے ہے، حکومت پنجاب نے زمینی ماحولیاتی تحفظ کو اپنی پالیسی کا مرکزی حصہ بنایا ہے، زمین کے تحفظ کیلئے سرسبز پنجاب مہم کے تحت لاکھوں درخت لگائے جا چکے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ پنجاب میں پاکستان کی پہلی سمارٹ انوائرمنٹ فورس قائم کر دی گئی ہے، کارخانوں کی نگرانی کی جا رہی ہے، فصلوں کی باقیات جلانے کی روک تھام کیلئے سپر سیڈر دیئے جا رہے ہیں۔مریم نواز نے مزید کہا کہ پنجاب نے پاکستان کی پہلی جامع کلائمیٹ پالیسی متعارف کرائی ہے، صنعتی آلودگی پر قابو پانے کیلئے خودکار مانیٹرنگ سسٹم لا رہے ہیں، مل جل کر اپنی زمین کو بہتراور سرسبز بنانے کا عزم کرتے ہیں۔