سیالکوٹ یونیورسٹی اور پنجاب بار کونسل کے درمیان مفاہمتی یادداشت پر دستخط

منگل 22 اپریل 2025 18:22

سیالکوٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 اپریل2025ء) سیالکوٹ یونیورسٹی کی فیکلٹی آف لاء نے پنجاب بار کونسل کے ساتھ مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کئے۔ فیکلٹی آف لاء کے وفد میں وائس چانسلر پروفیسر (میرٹوریئس) ڈاکٹر محمد خلیق الرحمان، ڈائریکٹر ڈاکٹر آصف خان اور لیکچرر گوہر مسعود قریشی جبکہ پنجاب بار کونسل کے نمائندوں میں پنجاب بار کونسل کے وائس چیئرمین عرفان صادق تارڑ، لیگل ایجوکیشن کمیٹی کے چیئرمین محمد احمد قیوم، پنجاب بار کونسل کے سیکرٹری رفاقت علی سوہل، پنجاب بار کونسل کے رکن شمشاد احمد باجوہ اور رکن جوڈیشل کمیشن آف پاکستان اور ایڈووکیٹ ہائی کورٹ عاصم اقبال شامل تھے۔

وائس چانسلر سیالکوٹ یونیورسٹی نے پنجاب بار کونسل کے وفد کی موجودگی میں مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیے اور اپنی گفتگو میں قانونی تعلیم کو ہائر ایجوکیشن کمیشن اسلام آباد کی تازہ ترین پالیسیوں کے ساتھ ہم آہنگ کرنے کی اہمیت پر زور دیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے ہنر مند، ذمہ دار اور کمیونٹی پر مبنی قانونی پروفیشنلز پیدا کرنے کے لیے یونیورسٹی کے عزم کا اعادہ کیا اور معاشرے میں انصاف، مساوات اور بیداری کے فروغ میں قانونی تعلیم کے اہم کردار پر تبادلہ خیال کیا۔

انہوں نے کہا کہ یہ تعاون قانونی تعلیم، پیشہ ورانہ ترقی اور کمیونٹی سروس میں مواقع کے ایک نئے دور کی نشاندہی کرتا ہے۔ معاہدے میں سیالکوٹ یونیورسٹی میں ایل ایل بی کے ان طلبا کے لیے سمسٹر فیس میں 25 فیصد رعایت شامل ہے جو پنجاب بار کونسل میں داخل وکلا کے بچے ہیں۔ اس سے کمیونٹی کو قانونی آگاہی اور خدمات فراہم کرنے کے لئے سیالکوٹ یونیورسٹی میں لاء کلینک کے قیام کی راہ بھی ہموار ہوتی ہے۔

فائنل سمسٹر لا کے طلبا کے لیے انٹرن شپ، اکیڈمک ایکسچینج پروگرام، مشترکہ سیمینار، لا موٹس اور لیگل ورکشاپس بھی مفاہمتی یادداشت کا حصہ ہیں۔سیالکوٹ یونیورسٹی پاکستان میں قانون کی تعلیم کے مضبوط مستقبل کی تشکیل میں گرانقدر شراکت اور وژن کے لیے تمام مندوبین کا شکریہ ادا کرتا ہے۔