سیالکوٹ، پنجاب اسمبلی کے حلقہ پی پی 52 (سمبڑیال)کے ضمنی الیکشن کا شیڈول جاری

منگل 22 اپریل 2025 18:36

سیالکوٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 اپریل2025ء) ریٹرننگ آفیسر و ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو محمد اقبال نے حلف لینے کے بعد پنجاب اسمبلی کے حلقہ پی پی 52 (سمبڑیال)کے ضمنی الیکشن کا شیڈول جاری کردیا ہے۔ ریٹرننگ آفیسر 23 سے 25 اپریل تک اپنے دفتر میں امیدواروں سے کاغذات نامزدگی وصول کریں گے جبکہ 26 اپریل کو امیدواروں کی فہرستیں آویزاں کی جائیں گی۔

(جاری ہے)

کاغذات نامزدگی کی سکروٹنی کی آخری تاریخ 30 اپریل ہے۔ 3 مئی تک ریٹرننگ افسر کے فیصلہ کے خلاف اپیل کی جاسکے گی اور 10 مئی تک اپیلٹ ٹریبونل تمام درخواستیں نمٹانے کا پابند ہوگا۔ امیدواروں کی حتمی فہرستیں 11 مئی تک آویزاں کردی جائیں گی۔ 12 مئی کاغذات نامزدگی واپس لینے کی آخری تاریخ ہوگی جبکہ 13 مئی کو انتخابی نشانات الاٹ کئے جائیں گے اور ووٹنگ یکم جون کو ہو گی۔ پی پی 52 کی نشست رکن صوبائی اسمبلی چودھری ارشد وڑائچ کی وفات کے بعد خالی ہوئی تھی۔