چیٹ لیگ تنازع، ٹرمپ وزیرِ دفاع پیٹ ہیگستھ کے دفاع میں سامنے آ گئے

ةپیٹ بہت اچھا کام کر رہے ہیں، ہر کوئی ان سے خوش ہے‘ٹرمپ کا پیٹ ہیگستھ کی حمایت میں بیان آگیا

منگل 22 اپریل 2025 22:21

واشنگٹن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 22 اپریل2025ء)امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ وزیرِ دفاع پیٹ ہیگستھ کے دفاع میں سامنے آ گئے۔غیر ملکی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق امریکی وزیر دفاع پیٹ ہیگستھ پر الزام ہے کہ انہوں نے یمن پر امریکی فضائی حملوں سے قبل حساس نوعیت کی معلومات میسیجنگ ایپ ’سگنل‘ پر نجی چیٹ گروپ میں شیئر کی تھیں، جس میں ان کی اہلیہ اور بھائی بھی شامل تھے۔

حالیہ تنازع ٹرمپ انتظامیہ کی جانب سے سامنے آنے والے گزشتہ تنازع کے 1 ماہ بعد سامنے آیا ہے، جس میں ٹرمپ انتظامیہ نے جنگ سے متعلق اپنے انتہائی اہم خفیہ منصوبے لاپروائی سے امریکی جریدے کے سینئر صحافی کو بھی بھیج دیے تھے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق وائٹ ہاؤس نے اس تنازع کو پیٹ ہیگستھ اور پینٹاگون کے سربراہ کی ناراض افرادی قوت کے درمیان نوکر شاہی کی لڑائی قرار دے دیا۔

(جاری ہے)

میڈیا رپورٹس کے مطابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے پیٹ ہیگستھ کی حمایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ پیٹ بہت اچھا کام کر رہے ہیں، ہر کوئی ان سے خوش ہے۔وائٹ ہاؤس کے حکام نے دوسرے سگنل گروپ چیٹ میں فوجی منصوبوں کو شیئر کرنے سے متعلق خبروں کو مسترد کر دیا ہے تاہم اس کی مکمل تردید نہیں کی ہے۔ٹرمپ نے صحافیوں کو بتایا کہ انہیں اپنے وزیرِ دفاع پر بہت اعتماد ہے اور انہوں نے کوئی خفیہ معلومات شیئر نہیں کیں۔