وزیراعلیٰ پنجاب کے ویژن کے مطابق ایئرایمبولینس سروس کامیابی سے جاری ہے : خواجہ سلمان رفیق

منگل 22 اپریل 2025 22:38

وزیراعلیٰ پنجاب کے ویژن کے مطابق ایئرایمبولینس سروس کامیابی سے جاری ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 22 اپریل2025ء) صوبائی وزیر محکمہ صحت و ایمرجنسی سروسز پنجاب خواجہ سلمان رفیق اور پارلیمانی سیکرٹری ضیاء اللہ شاہ نے ایئر ایمبولینس سروس کا جائزہ کیلئے ائیر پورٹ لاہور کا دورہ کیا۔سیکرٹری محکمہ ایمرجنسی سروسز پنجاب ڈاکٹر رضوان نصیر بھی اس موقع پر موجود تھے۔صوبائی وزیر و پارلیمانی سیکرٹری نے ایئر ایمبولینس سروس پہ متعین عملہ سے ملاقات کی۔

ایئر ایمبولینس سروس کی اہمیت پر ایئرایگل اکیڈمی میں ایک جامع پریزینٹیشن بھی پیش کی گئی۔اس موقع پر ایئر کرافٹس کا بھی جائزہ لیا گیا۔صوبائی وزیر محکمہ صحت و ایمرجنسی سروسز پنجاب خواجہ سلمان رفیق نے کہاکہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن کے مطابق ایئر ایمبولینس سروس کامیابی سے جاری ہے۔

(جاری ہے)

الحمدللہ اب تک 124 شدید علیل و زخمی مریضوں کو دور دراز کے علاقوں سے منتقل کیا جا چکا ہے۔

72 مریضوں کو بہاولنگر، 42 کو میانوالی، 2 کو رحیم یار خان جبکہ بہاولپور، پارا چنار، لاہور، کراچی، فیصل آباد اور راولپنڈی سے ایک ایک مریض کو منتقل کیا گیا ہے۔ اب تک 103 کارڈیالوجی، 12 سپائنل انجری، 2 ہیڈ انجری اور 7 دوسرے علیل اور شدید مریضوں کو منتقل کیا گیا ہے۔ اس ساری کاوش میں شاہین فاؤنڈیشن کے تعاون کا بھی شکریہ ادا کرتے ہیں۔ خواجہ سلمان رفیق نے کہاکہ گذشتہ پندرہ سال سے شعبہ صحت کی بہتری کیلئے کام کر رہا ہوں۔

اللہ تعالیٰ نے ہمیں دکھی انسانیت کی خدمت کرنے کا نادر موقع فراہم کیا ہے۔ فورٹ عباس میں بھی سروسز کو بڑھائیں گے۔ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف بھکر اور بہاول نگر میں ہوائی اڈے بنانے کا پہلے ہی اعلان کر چکی ہیں۔دور دراز علاقوں سے مریضوں کو شفٹ کرنے والے ریسکیو عملہ کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہیں۔ صوبائی وزیرصحت خواجہ سلمان رفیق نے کہاکہ ایئر ایمبولینس سروس اپنی نوعیت کی شروع کی جانے والی پاکستان کی پہلی سروس ہے۔

ائیر ایمبولینس سروس عوام کیلئے آسانیاں پیدا کر رہی ہے۔ پنجاب ایئر ایمبولینس سروس کا ہدف دور دراز علاقوں کے مریضوں کو فوری جدید طبی سہولیات فراہم کرنا ہے۔ خواجہ سلمان رفیق نے کہاکہ حکومت پنجاب کی ایئر ایمبولینس سروس فوری طبی امداد کے لئے ایک انقلابی قدم ثابت ہو رہی ہے۔ ایئر ایمبولینس سروس حکومت پنجاب کا فلیگ شپ پروگرام ہے۔ پارلیمانی سیکرٹری ضیاء اللہ شاہ نے کہاکہ ریسکیو عملہ الحمدللہ عوام کو ایمرجنسی کی بین الاقوامی معیار کی سروسز فراہم کر رہا ہے۔

سیکرٹری محکمہ ایمرجنسی سروسز پنجاب ڈاکٹر رضوان نصیر نے کہاکہ صوبائی وزیر خواجہ سلمان رفیق کی قیادت میں ایئر ایمبولینس سروس کے چیلنج کو قبول کرنے کے بعد ہدف کو حاصل کر کے دکھایا ہے۔ ایئر ایمبولینس سروس کا دائرہ کار وسیع کیا جا رہا ہے۔ اس کاوش میں شاہین فاؤنڈیشن و دیگر کی کاوشوں کو سراہتے ہیں۔ ریٹائرڈ ایئر کموڈور خالد چیمہ نے کہاکہ عوام کے بہترین فلاحی منصوبے ایئر ایمبولینس سروس کی کامیابی کیلئے محکمہ ایمرجنسی سروسز پنجاب کے ساتھ ہر ممکن تعاون کریں گے۔