وزیراعلی پنجاب کی ہدایت پرگندم خریداری کے معاملات پراجلاس، کسانوں کو 24 گھنٹے میں ادائیگی کا فیصلہ

بدھ 23 اپریل 2025 17:27

وزیراعلی پنجاب کی ہدایت پرگندم خریداری کے معاملات پراجلاس، کسانوں ..
بہاولنگر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 اپریل2025ء)وزیر اعلی پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر گندم کی خرید و فروخت سے متعلق اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں کسان اتحاد کے نمائندگان، گلہ منڈی کے آڑھتیان، فلور ملز ایسوسی ایشن اور دیگر متعلقہ تنظیموں نے شرکت کی۔ اجلاس میں محکمہ زراعت، محکمہ خوراک اور دیگر سرکاری اداروں کے افسران بھی شریک ہوئے۔

اجلاس کا مقصد کسانوں کو درپیش مسائل کا جائزہ لینا اور حکومت کی جانب سے دی گئی ہدایات کے مطابق حل تلاش کرنا تھا۔

(جاری ہے)

اجلاس میں واضح کیا گیا کہ گندم کی خریداری نجی تنظیموں کے ذریعے کی جائے گی اور کسانوں کو ان کی فصل کا معاوضہ 24 گھنٹوں کے اندر ادا کیا جائے گا۔شرکا کو گورنمنٹ کی پالیسی سے مکمل طور پر آگاہ کیا گیا، جس کا مقصد شفاف اور بروقت ادائیگی کے نظام کو یقینی بنانا ہے۔ تمام تنظیموں اور متعلقہ اداروں نے اس حکمت عملی سے اتفاق کیا اور کسانوں کے مسائل کے فوری حل کے لیے تعاون کا یقین دلایا۔اجلاس کے اختتام پر فیصلہ کیا گیا کہ تمام ادارے باہمی رابطے سے کسانوں کے لیے آسانیاں پیدا کریں گے اور گندم کی خریداری مہم کو کامیابی سے مکمل کیا جائے گا۔