اسلام آباد ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن وفد کاالیکشن کمیشن کا دورہ

چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ اور الیکشن کمیشن کے دیگر معزز ممبران نے وفد کو خوش آمدید کہا وفد کو الیکشن کمیشن کی انتخابی ڈھانچے، ذمہ داریوں،مجموعی کارکردگی ، پانچ برسوں کے دوران کیے جانیوالے خصوصی اقدامات سے متعلق بریفنگ دی گئی

بدھ 23 اپریل 2025 23:05

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 اپریل2025ء)اسلام آباد ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن کے وفد نے بدھ کوالیکشن کمیشن کا دورہ کیا، وفد کی سربراہی سید واجد علی شاہ صدر بارایسوسی نے کی جس میں بارایسوسی ایشن کے دیگر عہدیدران بھی شامل تھے۔چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ اور الیکشن کمیشن کے دیگر معزز ممبران نے وفد کوالیکشن کمیشن آمد پر خوش آمدید کہا۔

اس موقع پر وفد کو الیکشن کمیشن کی انتخابی ڈھانچے، ذمہ داریوں،مجموعی کارکردگی اور گزشتہ پانچ برسوں کے دوران کیے جانے والے خصوصی اقدامات سے متعلق جامع بریفنگ دی گئی۔ وفد کو بتایا گیاکہ الیکشن کمیشن نے دفتری کارکردگی بہتر بنانے کے لیے متعدد عملی اور اصلاحی اقدامات کیے ہیں۔ بار ایسوسی ایشن کے وفد نے الیکشن کمیشن کی کاوشوں کو سراہا اور انہوں نے ایسوسی ایشن کے عہدیداروں کو ملاقات کا موقع فراہم کرنے پر الیکشن کمیشن کا شکریہ ادا کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ یہ ملاقات عوامی آگاہی میں اضافے اور وکلا جیسے اہم طبقے اور الیکشن کمیشن کے مابین مضبوط روابط کا باعث بنے گی۔انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن میں دیگر صوبوں کی طرح اسلام آباد کی بھی نمائندگی ہونی چاہیے مزید یہ کہ ملازمتوں میں بھی اسلام آباد کا کوٹہ مختص کیا جائے تاکہ اسلا م آباد کے لوگوں کی محرومی کا ازالہ کیا جاسکے۔

انہوںنے کہاکہ ووٹر آگاہی پروگرامز میں بار ایسوسی ایشنز کو بھی شامل کیا جائے تاکہ قانونی ماہرین کے توسط سے عوامی شعور میں مزید بہتری لائی جا سکے۔ الیکشن کمیشن کے نمائندگان نے وفد کو الیکٹرانک ووٹنگ مشین(ای وی ایم)کے استعمال پر بھی بریفنگ دی۔وفد کو بتایا گیا کہ جن ممالک میں الیکٹرانک ووٹنگ مشین کا استعمال کیا جا رہا ہے جیسا کہ برازیل اور چند دیگر ممالک، وہاں پر الیکٹرانک ووٹنگ کو سال ہا سال کے تجرباتی عمل کے بعد ارتقائی طریقے سے اپنایا گیا۔ آخر میں چیف الیکشن کمشنر نے اسلام آباد بار کے وفد کو الیکشن کمیشن کی طرف سے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کروائی۔