Live Updates

گلوبل وارمنگ، موسمیاتی تبدیلی سمیت ہر شعبہ میں ترقی کے لئے نئی ٹیکنالوجی کو سیکھنا ہوگا‘ ڈاکٹر محمد علی

ہمیں اپنی انڈسٹری کو مینوفیکچرنگ تک محدود نہیں رکھنابلکہ آگے بڑھانا ہے‘ وائس چانسلر پنجاب یونیورسٹی کا خطاب

جمعرات 24 اپریل 2025 18:45

ْلاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 اپریل2025ء)وائس چانسلر پنجاب یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر محمد علی نے کہا ہے کہ گلوبل وارمنگ، موسمیاتی تبدیلی، صحت، تعلیم اور معیشت سمیت تمام شعبوں میں ترقی کیلئے نئی ٹیکنالوجی سیکھنے اور استفادہ کرنے کی ضرورت ہے۔ وہ پنجاب یونیورسٹی آفس آف ریسرچ انوویشن اینڈ کمرشلائزیشن (اورک) کے زیر اہتمام دوروزہ دسویںانوینشن ٹوانوویشن سمٹ ۔

2025ء کی اختتامی تقریب سے الرازی ہال میں خطاب کررہے تھے۔ اس موقع پر چیف آپریٹنگ آفیسر ٹیوٹا مہر شاہد زمان لک، پرووائس چانسلر پروفیسرڈاکٹر خالد محمود، چیف ایڈوائزریو ایم ٹی پروفیسر ڈاکٹر عابد ایچ کے شیروانی ، ڈائریکٹر اورک ڈاکٹر عقیل انعام، سینئر نائب صدر سندرٹریڈ اینڈ انڈسٹریل ایسو سی ایشن سید معاذ محمود، سینئر نائب صدر لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری انجینئر خالد عثمان، قادری گرو پ آف کمپنیز سے محمد عرفان قادری، ڈپٹی ڈائریکٹر ڈاکٹر فرقان ہاشمی، سائنسدان، انڈسٹری کے نمائندے ،محققین ،دیگر جامعات سے اساتذہ و طلبائوطالبات نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

(جاری ہے)

اپنے خطاب میں وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد علی نے کہا کہ ہمیں نوجوانوں کی تربیت کرکے اس قابل بنانا ہے کہ وہ اپنی کمپنیاں بنا کر ملک و قوم کی خدمت کرسکیں۔ انہوں نے کہا کہ زرعی پیداوار کو بڑھانے ،انڈسٹری کو فروغ دینے اور خوشگوار ماحول کیلئے مصنوعی ذہانت اور جدید ٹیکنالوجی کو سیکھنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں اپنی انڈسٹری کو مینوفیکچرنگ تک محدود نہیں رکھنابلکہ آگے بڑھانا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں ایجادات کی تعلیم کو سکول کی سطح پر روشناس کرانا ہوگا ۔انہوں نے کہاکہ پاکستان کو چھوٹی چھوٹی ایجادات و اختراعات کی اشد ضرورت ہے۔ انہوں نے بہترین تقریب کے انعقاد پر اورک ٹیم کی کاوشوں کو سراہا۔ مہر شاہد زمان لک نے کہاکہ پنجاب یونیورسٹی نے دور روزہ سمٹ میں نئی نسل کو چیلنجزسے نمٹنے کیلئے جدید ٹیکنالوجی سیکھنے کا بہترین موقع فراہم کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ آگے بڑھنے کے لئے ہمیں ہر شعبہ زندگی میں ٹیکنالوجی کو اپنانا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ٹیکنیکل سکلز کا فروغ بہت اہم ہو چکا ہے ۔ خالد عثمان نے کہا کہ مصنوعی ذہانت سے دنیا کے طور طریقے تیزی سے بدل رہے ہیں۔انہوں نے کہاکہ ملک کو قوم کی ترقی و خوشحالی کے لئے انڈسٹری ، اکیڈیما اوربزنس کمیونٹی کو مل کر کردا ر ادا کرنا ہوگا۔ ڈاکٹر عقیل انعام نے کہا کہ پنجاب یونیورسٹی اورک کے زیر اہتمام دو روزہ سمٹ کا مقصد کلچر آف شیئرنگ کو فروغ دینا تھا۔

انہوں نے کہا کہ شرکاء کی جانب سے متعارف کروائی جانے والی نئی ٹیکنالوجیز و تجاویز سے فائدہ اٹھانے کی ضرورت ہے۔تقریب سے سید معاذ محمود، محمد عرفان قادری نے بھی خطاب کیا۔ بعد ازاں دو روزہ سمٹ میں منعقدہ اورل ، پوسٹر پریزنٹیشن اور ٹیکنالوجی سٹالز میں کامیاب قرار پانے والے شرکاء کو تعریفی اسناد اور کیشن انعامات سے نوازا گیا۔
Live پہلگام حملہ سے متعلق تازہ ترین معلومات