ببرلو دھرنے میں پھنسی گاڑیاں، ٹرانسپورٹرز کا حکومت کو کل تک کا الٹی میٹم

سامان سے بھری ہوئی گاڑیوں کو راستہ دے کر کلیئر کرایا جائے، ٹرانسپورٹ الائنس

جمعرات 24 اپریل 2025 21:30

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 اپریل2025ء)خیرپور میں ببرلو کے مقام پر دھرنے میں پھنسی گاڑیوں کے معاملے پر ٹرانسپورٹرز نے حکومت کو کل تک کا الٹی میٹم دے دیا۔ٹرانسپورٹرز کے مطابق ببرلو کے مقام پر دھرنے کی وجہ سے روڈ بلاک میں پھنسا ہوا ایک ڈرائیور دل کا دورہ پڑنے سے جاں بحق ہوچکا ہے، سامان سے بھری ہوئی گاڑیوں کو راستہ دے کر کلیئر کرایا جائے۔

ٹرانسپورٹر نے بتایا کہ کئی روز سے کھڑی گاڑیوں میں لوڈ ہوئے قربانی کے جانور، مرغیوں کی حالت خراب جبکہ کھانے پینے کی اشیا خراب ہوگئیں۔ اگر گاڑیوں کو کوئی نقصان پہنچا تو ذمے دار وفاق اور صوبائی حکومت ہوگی۔سکھر دھرنے میں شرکا کے بال بنانے اور حجامت کرنے دادو کے 22 نوجوانوں کا گروپ ببرلو پہنچ گیا ہے۔

(جاری ہے)

جامشورو میں جامعہ سندھ کیاساتذہ اور طلبا نے زیرو پوائنٹ پر احتجاج کیا جبکہ سول سوسائٹی کی جانب سے ایم نائن موٹروے پراحتجاج اورسخت نعرے بازی کی گئی ہے۔

واضح رہے کہ نئی نہروں کے خلاف سندھ میں ہونے والے احتجاج کی وجہ سے معیشت کا پہیہ رک گیا ہے، ببرلوبائی پاس پر دھرنے کی وجہ سے پنجاب اور دیگر صوبوں سے آنے والی 12 ہزار گاڑیاں قومی شاہراہ پر پھنسی ہوئیں ہیں، ایک ہزار کمرشل گاڑیاں اور 2 ہزار 500 آئل ٹینکرز پھنس گئے، جس کے باعث سندھ ، پنجاب اور خیبرپختونخوا کو راشن و خوراک کی فراہمی خطرے میں پڑچکی ہے۔

خیرپور ببرلوبائی پاس پر وکلابرادری کا دھرنا چھٹے روز بھی جاری رہا۔ گھوٹکی اور پنوعاقل میں احتجاج کے باعث پیٹرول بحران پیدا ہوگیا جبکہ ڈہرکی میں قومی شاہراہ پر مظاہرین نے پنجاب جانے والے ٹرک روک لیے۔ٹھٹھہ میں مکلی اور گھارو کے 2مختلف شاہراہوں پرمظاہرین سڑکوں پر آگئے، قمبر شہداد کوٹ میں مرکزی شاہراہ پر سندھ، بلوچستان کے درمیان ٹریفک معطل ہوگئی، جس کے باعث گاڑیوں میں موجود سبزیاں خراب ہوگئی ہیں، جن گاڑیوں میں مویشی لدے ہیں ان کے ڈرائیور شدید پریشانی سے دوچار ہیں۔

اس صورتحال کا فائدہ ہوٹل مالکان کو ہوا ہے ڈرائیور کو کھانا من مانی قیمتوں پر فروخت کیا جارہا ہے۔ پنجاب اور دیگر صوبوں سے آنے والی 12 ہزار گاڑیاں قومی شاہراہ پر پھنس گئیںدوسری جانب صدر ایف پی سی سی آئی عاطف اکرام شیخ نے کہا ہے کہ ببرلو مقام پر جاری دھرنے سے پنجاب اور دیگر صوبوں سے آنے والی 12 ہزار گاڑیاں قومی شاہراہ پر پھنس گئیں، ایک ہزار کمرشل گاڑیاں اور 2500 آئل ٹینکرز پھنس گئے۔صدر ایف پی سی سی آئی عاطف اکرام شیخ نے کہا ہے کہ شاہراہوں کی بندش سے معاشی نقصان ہورہا ہے، صوبائی و وفاقی حکومتیں فورا حرکت میں آئیں۔عاطف اکرام شیخ نے کہا ہے کہ ایف پی سی سی آئی بھرپور مدد کرنے کو تیار ہے پنجاب اور دیگر صوبوں میں بندش کو تیسرا روز ہے اور 12,000 کمرشل گاڑیاں پھنس چکی ہیں۔