ش* پاکستان نے ہمیشہ دہشت گردی کو اس کی تمام شکلوں اور مظاہر میں مسترد کردیا

جمعرات 24 اپریل 2025 21:45

-اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 24 اپریل2025ء)سیکرٹری خارجہ آمنہ بلوچ نے کہا ہے کہ پاکستان نے ہمیشہ دہشت گردی کو اس کی تمام شکلوں اور مظاہر میں مسترد کرتے ہوئے بھارتی ہتھکنڈوں کو خطے میں امن و استحکام کی راہ میں رکاوٹ قرار دیاہے اور کہا ہے کہ پاکستان کسی بھی مہم جوئی کا مقابلہ کرنے کے لیے تیار ہے۔سیکرٹری خارجہ آمنہ بلوچ کی زیر صدارت دفتر خارجہ میں اہم اجلاس ہوا۔

(جاری ہے)

اسلام آباد میں قائم مشن کے سربراہان اور سفارت کاروں کے گروپ کو بھارتی غیر قانونی طور پر مقبوضہ جموں و کشمیر میں پہلگام حملے کے بعد ابھرتی ہوئی صورتحال سے آگاہ کیا گیا۔ترجمان دفترخارجہ کے مطابق سیکرٹری خارجہ نے قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس کے نتائج سے آگاہ کیا۔ آمنہ بلوچ نے پاکستان کے خلاف بھارتی غلط معلومات کی مہم کو مسترد کیااور بھارتی ہتھکنڈوں کو خطے میں امن و استحکام کی راہ میں رکاوٹ قرار دیا۔ ترجمان نے کہا کہ پاکستان نے ہمیشہ دہشت گردی کو اس کی تمام شکلوں اور مظاہر میں مسترد کیا ہے۔ آمنہ بلوچ نے کشیدگی بڑھانے کی بھارتی کوششوں کے خلاف شرکاء کو آگاہ کیا اوربتایا کہ پاکستان کسی بھی مہم جوئی کا مقابلہ کرنے کے لیے تیار ہے۔