سندھ ہائیکورٹ ،مبینہ ایرانی تیل کی اسمگلنگ کے مقدمے میں گرفتار آئل ٹینکر ڈرائیور کی درخواست ضمانت منظور ،5 لاکھ روپے مچلکے جمع کرانے کا حکم

جمعہ 25 اپریل 2025 15:20

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 اپریل2025ء)سندھ ہائیکورٹ نے مبینہ ایرانی تیل کی اسمگلنگ کے مقدمے میں گرفتار آئل ٹینکر ڈرائیور آصف میر کی درخواست ضمانت منظور کرتے ہوئے ملزم کو 5 لاکھ روپے مچلکے جمع کرانے کا حکم دیدیا۔جمعہ کو سندھ ہائیکورٹ میں مبینہ ایرانی تیل کی اسمگلنگ کے مقدمے میں گرفتار آئل ٹینکر ڈرائیور آصف میر کی درخواست ضمانت کی سماعت ہوئی۔

درخواستگزار کے وکیل نے موقف دیا کہ عبوری چالان میں پیٹرولیم کی مارکیٹ ویلیو کا ذکر نہیں ہے۔ ٹرائل کورٹ نے ملزم کی درخواست ضمانت مسترد کردی تھی۔ سرکاری وکیل نے موقف دیا کہ ملزم کو ٹھٹھہ پل سے گرفتار کیا گیا تھا۔ ملزم آئل ٹینکر پر ایرانی تیل لیکر جا رہا تھا۔ ملزم کے آئیل ٹینکر سے 8289لیٹر ایرانی ڈیزل اور 8161 ایرانی پیٹرول برآمد ہوا۔

(جاری ہے)

عدالت نے ریمارکس دیئے کہ ملزم کیخلاف دائر مقدمے میں مزید تحقیقات کی ضرورت ہے۔ لیب رپورٹ کے مطابق ڈیزل پیٹرولیم کہاں کے ہیں اس متعلق کچھ تفصیلات نہیں۔ رپورٹ میں یہ نہیں واضح کہ برآمد شدہ آئل ایرانی ہے۔ دیکھنا باقی ہے کہ آیا درخواست گزار کو پیٹرولیم کی اصل کا علم تھا یا وہ صرف ڈرائیور تھا۔عدالت نے ملزم آصف میر کی درخواست ضمانت منظور کرلی۔ عدالت نے ملزم کو 5 لاکھ روپے مچلکے جمع کرانے کا حکم دیدیا۔